• پولیس تمام قانونی تقاضے پورے کر کے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے گی ، مکمل تفتیش کرکے قرار واقعی سزا دلوائیں گے

راولپنڈی (ویب نیوز)

راولپنڈی میں پاکستان آرمی کے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) کے گیٹ پر حملے میں ملوث 76 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے 26 ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیااتوار کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے بتایا کہ اب تک شہر میں توڑ پھوڑ کرنے والے 264 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 17 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مقدمہ نمبر 708 آر اے بازار جی ایچ کیو کیس میں 76 افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔ سی سی ٹی وی اور تفتیش کے ذریعے تمام افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔سی پی او نے کہا کہ میٹرو سٹیشن کو جلانے سے 80 کروڑ کا نقصان ہوا، اس کیس میں 27 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ جو کوئی بھی گھنانے جرم میں شامل ہے ان کے خلاف مکمل تفتیش کرکے قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔سی پی او کی پریس کانفرس کے دوران جی ایچ کیو کے گیٹ پر حملے میں ملوث 26 ملزمان میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے۔سی پی او راوالپنڈی خالد ہمدانی اور ایس ایس پی آپریشن عامر نیازی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ  جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) کے گیٹ پر حملے میں ملوث 76 افراد کومکمل تحقیقاتی عمل کے ذریعے شناخت کیا گیا ہے۔ہمارے تمام شواہد عدالت میں ایڈمیسبل ہیں۔ ہمارا سب سے بڑا ایشو جی ایچ کیو گیٹ اور حمزہ کیمپ پر حملہ ہے۔ تحقیقاتی عمل جاری ہے ایس ایس پی انویسٹیگیشن تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کر رہی ہیں۔سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے جی ایچ کیو حملے میں ملوث 26 ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ پیش کئے جانے والے تمام ملزمان کے چہروں کو ڈھانپا گیا تھا۔ایس ایس پی آپریشنز پورے تحقیقاتی عمل اور گرفتاریوں کی سربراہی کر رہے ہیں۔ایس ایس پی آپریشن نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ دو ڈی ایس پیز اور ایک ایس ایچ او زخمی ہیں۔ جبکہ پولیس کی 20 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ پولیس تمام قانونی تقاضے پورے کر کے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے گی۔ سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے بتایا کہ گزشتہ روز گرفتار ہونے والے شرپسندوں میں احسان، عبداللہ، ادریس، وقاص، ایاز، قمر الزمان، عمر، علی حسین، فرہاد اللہ، عصمت، ابوبکر، قمر زمان، سجاد منیر، نبیل، صداقت، نعمان، عامر شاہد، فرہاد، شہریار، لعل شاہ، اکمل، عدیل، پیرزادہ شہباز، ارشد، منور اور سید قمر شامل ہیں۔سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے کہا کہ ویڈیوز کے ذریعے شناخت کرکے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، ویڈیو میں پیڑول چھڑکتا ہوا نظر آنے والا شخص بھی گرفتار ہے جبکہ ہجوم کو جی ایچ کیو گیٹ کی جانب جانے کے لیے اکسانے والا شخص بھی گرفتار کرلیا گیا۔ گیٹ کو توڑنے والوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔پولیس افسر نے بتایا کہ ہنگاموں کے دوران شاہراہیں چلتی رہیں اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی بھی محفوظ رہی، ۔ پر تشدد کاروائیوں میں ایس ڈی پی او وارث خان اور ایس ایچ او رتہ امرال سمیت 29افراد و جوان زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں انٹیلیجنس کا فقدان نہیں تھا، انھوں نے بھرپور تعاون کیا جس کی وجہ سے راولپنڈی میں حالات زیادہ خراب نہیں ہوئے، نقصانات کا تخمینہ حکومت لگا رہی ہے۔ جو جو گھنانے جرم میں ملوث ہے انکی تفتیش نہایت جامع ہوگی۔سی پی او کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن زنیرہ اظفر کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی حساس اداروں سے متعلق مقدمات کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ پہلے سے جیل بھجوائے گئے 90کے قریب ملزمان کو بھی شواہد کی بنیاد پر ان مقدمات میں قانون کے مطابق طلب کیا جا رہا ہے۔پولیس افسر نے بتایا کہ  شرپسندوں کی لیڈر شپ کی گرفتاریوں کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، شرپسند ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔