lahore-highcourt

لاہور (ویب نیوز)

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر پر پابندی کے خلاف درخواست پر پیمرا سے جواب طلب کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی تقاریر پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔عمران خان کے وکیل بیرسٹر احمد پنسوتہ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ عدالت ذمہ دار افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے، قانونی طور پر سیاسی جماعتوں کو برابری کے اصول پر ائیر ٹائم ملنا قانونی تقاضا ہے، لاہور ہایکورٹ نے عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کا نوٹیفیکشن معطل کر دیا تھا ، عدالت نے پیمرا کو ہدایت کی کہ تقاریر نشر کرنے پر کوئی پابندی نہ لگائی جاے، عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کی تقاریر نشر کیے جانے سے روکا جا رہا ہے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی توہین عدالت ہے۔وکیل عمران خان نے استدعا کی کہ عدالت تقاریر کی نشریات پرعائد پابندی ختم کرنے کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔بعدازاں عدالت نے پیمرا سے جواب طلب کرلیا۔