اسلام آباد ، راولپنڈی (ویب نیوز)
- یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا ، پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کیلئے دعائیں
- مرکزی تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیرمہمان خصوصی تھے، جنرل(ر)قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر ریٹائرڈ افسران کی بھی شرکت
- آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے،فاتحہ خوانی اور شہدا کے بلند درجات کے لئے دعا کی
پاکستان ائیر فورس، نیول ہیڈ کوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کی شہدا یادگاروں پر تقریبات منعقد ہوئیں - یوم تکریم شہدا کے موقع پر کیپٹن سلیمان شہید، میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کی قبر پر ورثاء اور لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا
- گوجرانوالہ کی پولیس لائن میں یوم تکریمِ شہدا کی تقریب منعقدہوئی جس میں کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر نے شرکت کی
- ڈی جی خان میں پولیس لائن میں یومِ تکریمِ شہدا کی تقریب ہوئی جس میں پاک فوج اور پولیس سمیت سول انتظامیہ کے افسران شریک ہوئے
شہداء کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم تکریم شہدا ء پاکستان منایا گیا۔ مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں یادگارشہدا پرمنعقد ہوئی ۔ملک بھر میں یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا اور اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔اس موقع پر پاک سرزمین کی حفاظت کی خاطر جان قربان کرنے والوں کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔علما کرام نے کہا کہ آزاد فضائوں میں سانس لینا ہمارے ملک کے شہدا کے مرہون منت ہے جو ہم پر ان کا قرض ہے، اتحاد و یگانگت کے ساتھ فاصلوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔یومِ تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی ۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب میں مسلح افواج کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی جن میں سابق آرمی چیف جنرل(ر)قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد ،سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم،وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے،فاتحہ خوانی اور شہدا کے بلند درجات کے لئے دعا کی ۔ تقریب میں آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ،تقریب میں موجود شہدا کے اہلخانہ ، اساتذہ اورسکول کے بچوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے۔دوسری جانب پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیول ہیڈ کوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کی شہدا یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔یوم تکریم شہدا کے موقع پر کیپٹن سلیمان شہید، میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کی قبر پر ورثاء اور لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ۔پاک فوج کے دستے نے شہدا کی قبروں پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور چادر چڑھائی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں اور ان کی تکریم میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے۔ ملتان ریجن میں بھی موجود شہدا کی قبروں پر پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر کیپٹن عاطف حسن شہید، حولدار خرم شہید اور لانس نائیک عبدالحکیم شہید کے ورثاء اور شہری بھی موجود تھے۔ ڈیرہ غازی خان میں پولیس لائن میں یومِ تکریمِ شہدا کی تقریب ہوئی جس میں پاک فوج اور پولیس سمیت سول انتظامیہ کے افسران شریک ہوئے۔تقریب میں شہدا اور ملک و قوم کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔چنیوٹ میں یومِ تکریمِ شہدا کے موقع پر یادگارِ شہدا پر پولیس کے دستوں نے سلامی دی۔اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ آج کے دن شہدائے پاکستان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔فیصل آباد میں زرعی یونیورسٹی میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہدا کے اہلخانہ، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سول سوسائٹی کے افراد شریک ہوئے۔شرکا نے ملک کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔گوجرانوالہ کی پولیس لائن میں بھی یوم تکریمِ شہدا کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر نے شرکت کی۔تقریب میں آئی جی پنجاب عثمان انور بھی شریک ہوئے اور دونوں افسران نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لئے دعا کی۔کوئٹہ میں یومِ تکریمِ شہدا کی مناسبت سے سینٹرل پولیس آفس میں تقریب ہوئی جس میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور، وزیراعلیٰ، صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی پولیس اور دیگر افراد نے شرکت کی۔کور کمانڈر، وزیراعلیٰ اور آئی جی نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے۔علاوہ ازیں ضلع لسبیلہ اور ضلع حب میں یومِ تکریمِ شہدا پر تقاریب اور ریلیاں نکالی گئیں۔ریلیوں میں طلبا اور قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دیامر میں بھی یوم تکریمِ شہدائے پاکستان منایا گیا جس کی مرکزی تقریب ہائی سکول اور پولیس لائن میں منعقد ہوئی۔اس کے علاوہ بنوں میں ضلعی انتظامیہ نے پریس کلب سے پریڈی گیٹ تک ریلی نکالی۔