مائوں بہنوں والے ہیں، برے سلوک کا سوچ بھی نہیں سکتے،25 ہلاکتوں کا الزام حقائق کے منافی ہے:محسن نقوی
گرفتاری کے بعد کم از کم چار دفعہ کائونٹر چیک کیا جاتا ہے،ملزم اور قیدی سے سلوک کے بارے میںپولیس اور جیل کا اپنا نظام موجود ہے
جے آئی ٹی اگر زمان پارک جائیگی تو ملزم کے گھر جا کر تفتیش کرنے کی روایت بن جائیگی، پیش نہ ہونے پر کیا ہوگا، قانون بتائیگا
25 ہلاک شدگان کے نام دے دیں، تحقیقات کرائیں گے،کیسے ہو سکتا ہے لوگ مر جائیں اور پتہ نہ چلے:میڈیا سے گفتگو
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی سندس فاؤنڈیشن آمد،زیر علاج مریض بچوںسے ملاقات، تحائف او رپھول پیش کئے
لاہور ( ویب نیوز)
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا اور سندس فاؤنڈیشن میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے بچوں کو تحائف اور پھول پیش کئے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سندس فائونڈیشن دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مائوں بہنوں والے ہیں،برے سلوک کا سوچ بھی نہیں سکتے۔پورے پنجاب میں پی ٹی آئی کی صرف 11 خواتین جیل میں ہیں۔ ہر گرفتاری کے بعد کم از کم چار دفعہ کائونٹر چیک کیا جاتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ملزم اور قیدی سے کیا سلوک کرنا ہے، پولیس اور جیل کا اپنا نظام موجود ہے۔قیدیوں پر تشدد کے جھوٹے الزام پر آئی جی تفصیلی بریفنگ دے چکے ہیں۔25 ہلاکتوں کا الزام حقائق کے منافی ہے، یہ کیسے ہو سکتا ہے لوگ مر جائیں اور پتہ نہ چلے۔25 ہلاک شدگان کے نام دے دیں، تحقیقات کرائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ جے آئی ٹی اگر زمان پارک جائے گی تو ملزم کے گھر جا کر تفتیش کرنے کی روایت بن جائے گی۔جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہونے پر کیا ہوگا، یہ قانون بتائے گا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب بھر میں ہسپتال میں ادویات کی کمی کا تاثر درست نہیں۔ سپلائی چین میں رکاوٹ آ سکتی ہے، جائزہ لے رہے ہیں۔ہیلتھ سیکٹر میں بہتری کیلئے مسلسل میٹنگ ہو رہی ہیں، تبدیلی ضرور لائیں گے۔ 4 ماہ کا بجٹ پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔انہو ںنے کہا کہ منو بھائی کا برین چائلڈ سندس فائونڈیشن سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہے۔پنجاب میں تھیلے سیمیا کا علاج کرنے والے دیگر اداروں کا بھی دورہ کروں گا۔ چند چھوٹے چھوٹے اقدامات سے تھیلے سیمیا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔اگر ایران اور یونان تھیلے سیمیا فری ہو سکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں؟ ۔ قبل ازیں سندس فائونڈیشن کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھیلے سیمیا اور ہیموفیلیا میں مبتلا مریض بچوں کی عیادت کی اور ہر بچے کے پاس جاکر خیریت دریافت کی۔ مریض بچیوں کے سر پر دست شفقت رکھا۔ محسن نقوی نے مریض بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور نیک تمناؤں کا اظہاربھی کیا۔ محسن نقوی نے مریض بچوں کے لئے قائم ڈینٹل سرجری سیکشن،فزیوتھراپی افریسس روم،لیب اورنرسنگ ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا۔ بچوں کے علاج معالجے کیلئے فراہم کردہ سہولتوں اور جدید طبی آلات کا معائنہ کیا اور سندس فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ علاج معالجے کی معیاری سہولیات کو سراہا۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی کو سندس فاؤنڈیشن کے پرا جیکٹس پر بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے تھیلیسیمیا کے صحت یاب بچوں نے بھی ملاقات کی اور تصاویر بنوائیں ۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کو تھیلے سیمیا فری بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ میٹرک سے تھیلے سیمیا کی سکرینگ کی قانون سازی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ انسانیت کی بے لوث خدمت عبادت کے مترادف ہے۔سہیل وڑائچ، افتخار ٹھاکر،ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور سندس فاؤنڈیشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ صوبائی وزراء عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سوشل ویلفیئر، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے