وزیراعظم کی کشتی واقعہ کے ذمہ داران کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایت
انسانی سمگلروں کی کارروائیاں بروقت کیوں نہ روکی گئیں؟ ،وزیراعظم شہباز شریف کی برہمی
وزیر اعظم کی تحقیقاتی کمیٹی کو کارروائی مکمل کرکے واقعہ کی جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
اسلام آباد / گوجرانوالہ (ویب نیوز)
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کو یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیر ِ اعظم محمد شہباز شریف نے کشتی واقعہ کے ذمہ داران کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایت جاری کر دیں۔وزیر اعظم نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلروں کی کارروائیاں بروقت کیوں نہ روکی گئیں؟ متاثرہ لوگوں کا جن ضلعوں سے تعلق ہے وہاں کی انتظامیہ نے ملوث سمگلروں اور ایجنٹوں کی کاروائیوں کا بروقت نوٹس کیونکر نہ لیا؟ وزیر ِ اعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کو کارروائی مکمل کرکے واقعہ کی جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔ وزیر اعظم نے وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ کو تحقیقات کی مکمل نگرانی کرنے اور ذمہ داران کو سزا دلوانے کے حوالے سے ضروری قانون سازی کیلئے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کردی ۔وزیر عظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت یونان کے قریب کشتی الٹنے کے واقعہ پر اعلیٰ سطح اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، ڈی جی ایف آئی اے، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر و متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیر اعظم کو کشتی الٹنے کے واقعہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ یونانی کوسٹ گارڈ نے 12 جون کو کشتی کی نشاندہی کی جس میں ایک اندازے کے مطابق 700 کے قریب لوگ سوار تھے۔کشتی مصری شخص کی ملکیت تھی جس میں زیادہ تر سواروں کا تعلق شام، لیبیا اور پاکستان سے تھا۔کشتی میں سوار لوگوں میں سے 102 لوگوں کو زندہ ریسکیو کیا جا چکا ہے جن میں سے 15 کا تعلق پاکستان سے ہے۔کشتی الٹنے کے بعد اس وقت مجموعی طور پر 15 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں اس واقعہ کا مرکزی ملزم بھی شامل ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ انسانی سمگلنگ میں مختلف ممالک میں موجود ایک منظم نیٹ ورک ملوث ہے۔وزیر ِ اعظم نے اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کو جلد مکمل کرنے اور ایف آئی اے کو اس کے روک تھام کے مئوثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی۔وزیر ِ اعظم نے کمشنر گوجرانوالہ کو بھی ضلع گوجرانوالہ میں ایسے ایجنٹس کی نشاندہی کرکے انہیں جلد قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کی۔
- یونان کشتی حادثہ ، گوجرانوالہ ریجن کے لاپتہ افراد کی تعداد 111 ہو گئی
- متاثرہ فیملیز کے ڈی این اے سیمپلز لئے جانے کا کام جاری ہے،ایف آئی اے
یونان میں کشتی ڈوبنے کے سانحے میں گوجرانوالہ ریجن کے لاپتہ افراد کی تعداد 111 ہو گئی ۔ایف آئی اے کے کے مطابق گوجرانوالہ ریجن کے لاپتہ افراد میں زیادہ تعداد گجرات اور گوجرانوالہ کے رہائشیوں کی ہے۔متاثرہ فیملیز کے ڈی این اے سیمپلز لئے جانے کا کام جاری ہے۔ دوسری جانب یونان کشتی حادثے کے درج مقدمات کی تعداد 31 ہو گئی ۔23 مقدمات ایف آئی اے کے تھانہ گوجرانوالہ اور 8 گجرات میں درج کئے گئے ہیں۔یونان کشتی حادثے میں اب تک 13 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا جا چکا۔ان انسانی سمگلرز میں سے 7 گوجرانوالہ اور 6 گجرات میں گرفتار ہوئے ہیں۔
- یونان کشتی حادثہ،126لاپتہ نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے نمونے جمع
یونان کشتی حادثہ کیس میں ایف آئی اے نے 126 لاپتہ نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے نمونے حاصل کر لئے۔ ایف آئی اے گجرات سرکل میں 52متاثرین کے لواحقین کی جانب سے نمونے جمع کروائے گئے۔ گجرانوالہ سرکل میں 46 متاثرہ خاندانوں کی جانب سے ڈی این اے نمونے دیئے گئے۔ کوٹلی آزادکشمیر کے 28افراد کے لواحقین کے بھی خون کے نمونے حاصل کرلیے گئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کے لئے ڈی این اے نمونے حاصل کئے گئے۔