دہشتگرد حملوں کا خطرہ،برطانیہ نے اپنے شہریوں کو پشاور سمیت خیبر پختونخواکے اکثر اضلاع کے سفر سے روک دیا
خیبرپختونخوا میں باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع کا سفر نہ کریں،برطانوی حکومت
چارسدہ، کوہاٹ، ٹانک، بنوں، لکی مروت ، ڈیر ہ اسماعیل خان، سوات، بونیر اور لوئر دیر کے اضلاع کے سفر سے بھی گریز کی ہدایت
شہری بلوچستان کے جنوبی ساحل کے علاوہ کسی علاقے میں نہ جائیں ، برطانوی حکومت کی سیاسی مظاہروں سے بھی دور رہنے کی ہدایت
لندن(ویب نیوز)
برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کے لیے پاکستان میں سفر کے بارے میں نئی ہدایات جاری کر دیں۔ برطانوی حکومت کی جانب سے پشاور سمیت کے پی کے اکثر علاقوں میں سفر سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشتگرد حملوں کا خطرہ ہے، صوبہ خیبرپختونخوا میں باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع کا سفر نہ کریں۔ ہدایات کے مطابق چارسدہ، کوہاٹ، ٹانک، بنوں، لکی مروت ، ڈیر ہ اسماعیل خان، سوات، بونیر اور لوئر دیر کے اضلاع کے سفر سے بھی گریزکا کہا گیا ہے، جبکہ پشاور شہر اور ضلع مردان رنگ روڈ کے شمال سے ضلع چترال کے کنارے تک N45روڈ پر سفر سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ حکومتِ برطانیہ کا کہنا ہے کہ شہری پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے جنوبی ساحل کے علاوہ کسی علاقے میں نہ جائیں ۔ برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو سیاسی مظاہروں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہے کچھ سیاسی مظاہروں میں مغرب مخالف جذبات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو شدید گرمی سے بھی خبردار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔