لاہور (ویب نیوز)
پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید مون سون بارشوں کا امکان ہے،دریائوں میں پانی کی سطح میں اضافے کاخدشہ ہے ۔ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 7 اگست تک مون سون بارشیں ہوں گی، تمام بڑے دریائوں کے بالائی علاقوں میں ہلکی و تیز بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریائوں میں سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ ستلج میں سلیمانکی اور اسلام کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سدھنائی کے مقام پر پانی کی آمد 52040 کیوسک اور اخراج 36840 ہے، دریائے ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 76035، اخراج 62877 جب کہ ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی آمد 66643 اور اخراج 65743ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، اس سلسلے میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ تربیلہ چشمہ، کالاباغ جب کہ دریائے جہلم اور چناب میں بھی پانی کا بہائو نارمل ہے۔