مریم نواز اور احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کی نیب کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (ویب  نیوز)

سپریم کورٹ میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز اور نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر نیب کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ 22 اگست کو مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس اطہر من اللہ بھی شامل ہیں۔

 

دوسری جانب سپریم کورٹ میں سابق چیئرمین ایل ڈی اے اور نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔

نیب نے احد چیمہ پر منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام عائد کیا ہے جس میں ضمانت منسوخی کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ 25 اگست کو نیب کی درخواست پر سماعت کرے گا۔