تحریک انصاف کا بِلوں کیخلاف عوامی احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان
پارٹی کارکنان کواحتجاج میں شرکت کی ہدایت کردی گئی
سازشوں کے جال بننے کی بجائے عوام کے ووٹ کے حق کو فیصلہ کن تسلیم کیا جائے،کورکمیٹی
نگران حکومت نوے روز کی آئینی مدت میں صاف، شفاف انتخابات کو ممکن بنائے ،اعلامیہ
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف نے بدترین مہنگائی اور بجلی کے ناقابلِ ادائیگی بِلوں کیخلاف ملک بھر میں جاری عوامی احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔ پارٹی کارکنان اور ذمہ داران کو مکمل تیاری کے ساتھ ملک بھر میں پرامن عوامی احتجاج میں شرکت کی ہدایت کردی گئی،مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک میں سازشوں کے جال بننے کی بجائے جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے حق کو فیصلہ کن تسلیم کیا جائے نگران حکومت نوے روز کی آئینی مدت میں صاف، شفاف انتخابات کو ممکن بنائے ۔ منگل کو پارٹی کی کورکمیٹی کے اجلاس سے متعلق بیان میں کہا گیا ہے کہ دستور و قانون حکمرانوں کو شہریوں کا خون چوسنے اور ان کی کھال ادھیڑنے کا قطعا حق نہیں دیتے، ملک و قوم پر اس تباہی کے دروازے 16 ماہ قبل وزیراعظم عمران خان کی منتخب جمہوری حکومت کیخلاف غیرجمہوری قوتوں کے شرمناک حملے کے ذریعے کھولے گئے، عالمی وبا، تیل کی منڈی میں نہایت بلند قیمتوں اور آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود عمران خان عوام کو مہنگائی، معیشت کو تباہی سے کامیابی سے بچائے ہوئے تھے۔کورکمیٹی تحریک انصاف کے مطابق عمران خان کیخلاف جب سازش رچائی گئی تھی تو پٹرول 150 روپے فی لیٹر جبکہ بجلی 16 روپے فی یونٹ میں عوام کو مہیا کی جارہی تھی، اپنے دورِحکومت میں عمران خان نے توانائی میں خود کفالت کیلئے پن بجلی کے دس بڑے منصوبوں پر کام کا آغاز کروایا،مہنگے ترین ایندھن سے چلنے والے آئی پی پیز سے کئے گئے بیہودہ معاہدوں کی شرائط آزاد سرِنو مرتب کرکے مالی نقصان کو کم از کم کرنے کی کوشش کی گئی،توانائی کے شعبے کی مجموعی اصلاحِ کار کو توجہ کا محور بنایا گیا اور قومی پیداوار کے پیشِ نظر صنعت و زراعت کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا اہتمام کیا گیا،غریب اور نادار آبادی کو بطورِخاص مہنگائی سے بچانے کیلئے وافر مالی اعانت اور سبسڈیز کا بندوبست کیا گیا، آئین اور جمہوریت کو جوتے کی نوک پر رکھ کر ملک مجرموں کے حوالے کرنے والے ظالموں نے نشاندہی کے باوجود عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کا سلسلہ جاری رکھا،ان سولہ ماہ کی حماقتیں آج ایک عذاب کیصورت میں عوام سے زندگی و معاش کے بنیادی حقوق چھین رہی ہیں، قید میں ڈال کر عوام کو چیئرمین تحریک انصاف کی صورت میں گونجتی تنہا مگر توانا آواز سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔ کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور ذمہ داران تمام تر ریاستی جبر کے باوجود عوام کی ترجمانی کا فریضہ سرانجام دیں گے، کارکنان اور ذمہ داران بھرپور انداز میں مہنگائی و بجلی کے ناقابلِ ادائیگی بِلوں کیخلاف احتجاج میں شریک ہوں اور پرامن انداز میں عوام کی آواز بنیں۔ کورکمیٹی تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ نگران حکومت تباہی میں شدت پیدا کرنے کی بجائے اپنی پوری توجہ انتخابات کے بلاتاخیر انعقاد اور فیصلہ سازی کی منتخب جمہوری حکومت کو منتقلی پر مرکوز کرے، سازشوں کے جال بننے کی بجائے جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے حق کو فیصلہ کن تسلیم کیا جائے اور نوے روز کی آئینی مدت میں صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد کا اعلان اور اہتمام کیا جائے،عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف ملک و ملت کو مہنگائی و تباہی کی دلدل سے نکال کر استحکام و ترقی کی راہ پر ڈالنے کی صلاحیت اور عزم سے لیس ہے۔