عمران خان کی وکالت کیلیے سلمان رشدی کے وکیل کا تقرر نہیں کیا گیا، پی ٹی آئی کی وضاحت
پی ٹی آئی کا اپنے مقدمے بین الاقوامی عدالتوں میں بھی لڑنے کا فیصلہ ، ملعون سلمان رشدی کے وکیل بیرسٹر جیفری رابرٹسن بین الاقوامی عدالتوں میں چیئرمین پی ٹی آئی کی نمائندگی کریں گے ،میڈیا رپورٹس کا دعوی
اسلام آباد( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی )نے عمران خان کی وکالت کے لیے ملعون سلمان رشدی کے وکیل کو مقرر کرنے کے الزامات کی تردید کردی۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق پی ٹی آئی ملک میں جاری بدترین ریاستی جبر و فسطائیت کی شدید مذمت کرتی ہے۔ایک غیرملکی قانونی فرم کے حوالے سے زیرِگردش گمراہ کن اطلاعات میں کوئی صداقت ہے نہ ہی ایسے کسی اقدام کو جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی کی تائید حاصل ہے۔ جبر، بربریت اور لاقانونیت کے سامنے نظام عدل کا افسوسناک عجز و اضمحلال قوم کے لیے مایوس کن ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ تاہم تحریک انصاف پاکستان کے نظامِ انصاف ہی سے حقوق و انصاف کی طلب گار اور ملک کے نظامِ عدل سے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے موثر اقدامات کی متقاضی ہے۔ترجمان کے مطابق قاتلانہ حملے کا نشانہ بنائے جانے اور حملے کی تحقیقات سبوتاژ کرنے کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف محض 16 ماہ کے دوران 180 سے زائد جھوٹے اور جعلی مقدمات قائم کرکے قانون و انصاف کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔ وفاقِ پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین سیاسی جماعت کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم تاریخ کے بدترین انتقام کی بھینٹ چڑھتے ہوئے خلافِ قانون جیل میں قید ہیں۔ اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں کہاگیا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے مقدمے بین الاقوامی عدالتوں میں بھی لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی نے سلمان رشدی کے وکیل بیرسٹر جیفری رابرٹسن کو اپنا وکیل مقرر کیا ہے، جیفری رابرٹسن بین الاقوامی عدالتوں میں چیئرمین پی ٹی آئی کی نمائندگی کریں گے۔۔