شیخ رشید کی گرفتاری ،آئی جی پنجاب ، سی پی او ، ڈی سی سے جواب طلب
شیخ رشید پرکوئی مقدمہ نہیں ، فوری عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے،وکیل کی استدعا
جواب آ جانے دیں، پھر کارروائی کرتے ہیں،عدالت کے ریمارکس
عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کو بھی کیس کے سلسلے میں نوٹس جاری کردیا
ٹھوس شواہد ہیں کہ شیخ رشید کے گھر پر راولپنڈی پولیس نے چھاپہ مارا ، وکیل عبد الرزاق
راولپنڈی(ویب نیوز)
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی گرفتاری پر آئی جی پنجاب ، سی پی او اور ڈپٹی کمشنر سے جواب طلب کرلیا ،سماعت 22ستمبر تک ملتوی کردی گئی ۔سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی بھتیجے اور ملازم سمیت گرفتاری کے خلاف پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے سینئر جج جسٹس صداقت علی خان نے آئی جی، آر پی او، سی پی او اور ڈپٹی کمشنر سے جواب طلب کرلیا۔دوران سماعت شیخ رشید کے وکیل سردار عبد الرزاق نے عدالت کو بتایا کہ 2 دن ہوگئے ،شیخ رشید کو گھر سے گرفتار کیا گیا اور کسی عدالت میں تاحال پیش نہیں کیاگیا۔ سابق وزیر داخلہ کے خلاف پنجاب اور اسلام آباد میں کوئی مقدمہ نہیں ، یہ حراست غیر قانونی ہے۔ یہ گرفتاری نہیں اغوا ہے۔ فوری عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ جواب آ جانے دیں، پھر کارروائی کرتے ہیں۔ عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کو بھی کیس کے سلسلے میں نوٹس جاری کردیا۔عدالت نے 22 ستمبر تک مفصل جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدکے وکیل سردار عبد الرزاق نے کہا ہے کہ ٹھوس شواہد ہیں کہ شیخ رشید کے گھر پر راولپنڈی پولیس نے چھاپہ مارا،شیخ رشید کے خلاف پنجاب میں کوئی مقدمہ درج نہیں۔ عدالت میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل عبد الرزاق نے کہا کہ ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں کہ شیخ رشید کے گھر پر راولپنڈی پولیس نے چھاپہ مارا۔ان کا کہنا ہے کہ شیخ رشید سے متعلق ابھی تک کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں، شیخ راشد شفیق کو بتایا گیا ہے کہ ایک دو دن تک پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔شیخ رشید کے وکیل کا کہنا ہے کہ عدالت نے 3 دن کے اندر وفاقی حکومت اور راولپنڈی پولیس سے جواب طلب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے ڈرائیور سجاد کو رہا کیا گیا ہے اس نے بھی کچھ تفصیلات بتائی ہیں، ہمارے پاس نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے سکیورٹی کیمرے کی ویڈیو اور گواہ موجود ہیں۔شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی نے شیخ رشید کے گھر پر چھاپہ مارا، شیخ رشید کے خلاف پنجاب میں کوئی مقدمہ درج نہیں۔