پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس
عمران خان کیخلاف مقدمات کی مختلف عدالتوں میں جاری سماعت کا جائزہ
اسلام آباد ( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میں سائفر مقدمے سمیت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف مقدمات کی مختلف عدالتوں میں جاری سماعت کے معاملات کا جائزہ لیا گیا ۔پارٹی نے قراردیا کہ عمران خان کو فیئر ٹرائل کے بنیادی حق سے محروم کرنے کیا جارہا ہے، عدالت عظمی سے فوری نوٹس کی استدعا ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان کو خالصتاً سیاسی بنیادوں پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اوراُن کی غیرمعمولی عوامی مقبولیت کے باعث غیرقانونی و غیرجمہوری طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کی کوششوں کی جارہی ہے اس کے فوری نوٹس کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔کورکمیٹی کے مطابق عمران خان کو نہایت بھونڈے اور من گھرٹ مقدمات میں قانون کیخلاف عدالت فیصلے کا انتظار کئے بغیر نہایت عجلت میں نشانہ بنایا جارہا ہے، توشہ خانہ کے بعد کسی دوسرے مقدمے کے ممکنہ سزا کے فیصلہ کو قوم کسی طور قبول نہیں کرے گی، عدالتِ عظمی سے آئین کی منشا کے مطابق نوے روز میں عام انتخابات کے انعقاد کی درخواستوں کی فوری سماعت و فیصلے کی بھی استدعا ہے ۔الیکشن کمیشن پنجاب اور پختونخوا میں انتخابات کے باب میں ایک مرتبہ دستور سے انحراف کر چکا ہے،عمران خان اور تحریک انصاف کی عوام میں مقبولیت کے پیشِ نظر ایک مرتبہ پھر انتخاب کو نوے روز کی آئینی مدت میں نہ کروا کر آئین توڑنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، سپریم کورٹ آئین کی حفاظت کا دستوری تقاضا نبھاتے ہوئے مداخلت کرے اور الیکشن کمیشن اور نگران سرکار کو آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد کا پابند کرے، سپریم کورٹ نگران حکومت کو نجکاری سمیت اس کے دائرہ اختیار سے باہر تمام امور سے گریز کرنے اور نوے روز میں انتخاب کے ذریعے اقتدار عوام کی منتخب قیادت کے سپرد کرنے کا پابند بنائے، پاکستان کی معاشی ترقی سیاسی استحکام سے وابستہ ہے جس کے حصول کی صلاحیت مینڈیٹ کی حامل منتخب حکومت ہی کے پاس ہوگی۔کورکمیٹی تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ انتخابات کو التوا میں ڈالنا اور غیر منتخب حکومت کے ذریعے قومی فیصلہ سازی پر اصرار معاشی و سیاسی عدمِ استحکام میں شدت کا موجب بنے گا۔اجلاس میں مرکزی رہنما عثمان ڈار کے حالیہ انٹرویو، اس کے مندرجات اور پس منظر کا بھی مفصل جائزہ لیا گیا اور کہا گیا ہے کہ جبر و تشدد سے اپنی مرضی کے بیانات اگلوانے کی کوئی نظر ہماری تاریخ میں نہیں ملتی، جبر و وحشت کا یہ سلسلہ یقینا ناکامی سے دوچار ہوگا اور حق اور سچ ہی غالب آئین گے۔کورکمیٹی تحریک انصاف نے عدالتِ عظمی سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ روک کر شہریوں کے بنیادی دستوری حقوق بحال کرنے کی استدعا کی ہے ۔ اغوا کنندگان اور جبری طور پر لاپتہ کئے گئے ذمہ داران کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے سیاسی حکمت پر بھی غور کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔