ممبئی پولیس کو بھارتی وزیراعظم مودی اوراحمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی موصول
دہشتگروں کا دھمکی آمیز ای میل میں 500 کروڑ روپے ادا کرنے اور گینگسٹر روی بشنوئی کو رہا کرنے کا مطالبہ
ہندوستان میں سب کچھ بکتا ہے تو ہم نے بھی کچھ خریدا ہے، آپ ہم سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے، دھمکی آمیز ای میل
بادی النظر میں ایسا لگتا ہے کہ یہ ای میل یورپ سے بھیجی گئی، اسے بھیجنے والے کی تلاش شروع کر دی ہے،پولیس
ہمیں این آئی اے کی جانب سے ای میل موصول ہوئی ہے، دیگر مقامات پر بھی تمام متعلقہ ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا ہے
ای میل کی تحقیات شروع کردیں ، ضرورت پڑنے پر تمام کرکٹ میچوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے اسے بڑھایا جائے گا، اعلیٰ افسر
ممبئی(ویب نیوز)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے میچز کے دوران ممبئی پولیس کو بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اوران کے نام سے منسوب احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوگئی ہے۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کو ای میل موصول ہوئی ہے، جس میں احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے جبکہ دہشتگروں نے 500 کروڑ روپے ادا کرنے اور گینگسٹر روی بشنوئی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ای میل میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومت ہمیں 500 کروڑ بھارتی روپے اور لارنس بشنوئی کو رہا کرنے میں ناکام رہی تو ہم احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اڑا دیں گے، ہندوستان میں سب کچھ بکتا ہے تو ہم نے بھی کچھ خریدا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کتنے ہی محفوظ ہیں، آپ ہم سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے۔ دوسری جانب احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں 8 اکتوبر اتوار کو آسٹریلیا اور بھارت کا میچ شیڈول ہے جبکہ اسی گرانڈ پر ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹاکرا پاک بھارت میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے گلوکار سدھوموسے والا کے قتل میں ملوث لارنس بشنوئی دہلی کی منڈولی جیل میں بند ہے۔ ای میل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد گروپ نے حملوں کو انجام دینے کیلئے متعدد افراد کو سرگرم کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق دھمکی آمیز میل ابتدائی طور پر نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے)کو بھیجی گئی تھی جو بظاہر یورپ سے شروع ہوئی تھی اور وفاقی ایجنسی نے ممبئی پولیس کو اس کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔بھارتی پولیس کے مطابق ہمیں این آئی اے کی جانب سے ای میل موصول ہوئی ہے، جس نے دیگر مقامات پر بھی تمام متعلقہ ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں ایسا لگتا ہے کہ یہ ای میل یورپ سے بھیجی گئی، اسے بھیجنے والے کی تلاش شروع کر دی ہے اور ضرورت پڑنے پر تمام کرکٹ میچوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے اسے بڑھایا جائے گا۔ اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ ای میل موصول ہونے کے بعد ورلڈکپ میچز کے دوران سیکیورٹی بڑھائی جائے گی۔