شہید فلسطینیوں کی تعداد 3473 سے تجاوز کر گئی، 13 ہزار افراد زخمی
غزہ کے الاہلی ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں 500 فلسطینی شہید ہوئے
غزہ(ویب نیوز)غزہ پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3473 سے تجاوز کر گئی ہے ۔فلسطین کی وزیر صحت مائی الکائلہنے کہا ہے کہ غزہ میں 11 دن قبل اسرائیلی فضائی حملوں کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3473 پر پہنچ چکی ہے۔انھوں نے بتایا کہ 13 ہزار افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز غزہ کے ہسپتال میں خونی قتل عام میں 500 فلسطینیوں کی شہادتوں کے بعد اب تک اسرائیلی فوجی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3473 ہوگئی ہے۔ غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیہ قصبے میں ایک گھر کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی بمباری میں 27 افراد شہید ہوگئے ۔خان یونس کے جنوب میں السعدہ ہال کے قریب عاشور خاندان کے گھر پر بمباری سے 3 خواتین سمیت 4 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔بدھ کی صبح خان یونس کے مشرق میں ابوسفیس اور اسحاق خاندانوں کے دو گھروں پر اسرائیلی بمباری سے 12 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے جب کہ غزہ میں شفا میڈیکل کمپلیکس کے قریب ایک مکان پر قابض فوج کی بمباری کے بعد بڑی تعداد میں جانی نقصان پہنچا۔خان یونس میں ایک اسکول پر چوتھی بار پھر بمباری کی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض طیاروں نے حابوش خاندان کے تین منزلہ مکان پر بمباری کی جس میں مکینوں کی تعداد 70 کے لگ بھگ تھی، مکان کے قرب و جوار سے زخمیوں کو منتقل کیا گیا، زخمیوں کو ملبے کے نیچے سے نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ حابوش خاندان کے ایک مکان کے ملبے تلے سے اب تک 18 شہدا کو نکال لیا گیا ہے اور تقریبا 20 لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
لبنان، ادرن، لیبیا، یمن، تیونس، ترکی، مراکش ، مصر اور ایران میں اسرائیل مخالف مظاہرے
غزہ میں ہسپتال پر حملے کے بعد اسرائیل کے خلاف بڑے بڑے احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں
لندن… غزہ میں ہسپتال پر حملے کے بعد لبنان، ادرن، لیبیا، یمن، تیونس، ترکی، مراکش، مصر اور ایران میں اسرائیل کے خلاف بڑے بڑے احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔ ان مظاہروں میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت رکوانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ جبکہ مشرق وسطی میں بدھ کو یوم غضب منایا گیا ۔ پاکستان ،سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، بحرین،لبنان، ادرن، لیبیا، یمن، تیونس، ترکی، مراکش اور ایران نے بھی اس حملے کو اسرائیلی قابض فورسز کا گھنانا جرم قرار دیا ہے۔متحدہ عرب امارات اور بحرین بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ممالک میں شامل ہیں تاہم انہوں نے بھی اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی ڈبلیو اے ایم کے مطابق بدھ کو متحدہ عرب امارات نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد مارے گئے اور زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اسی طرح بحرین نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں حملے کا الزام اسرائیل پر لگاتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق بدھ کو ہزاروں افراد نے غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے مصر بھر میں مظاہرے کیے ہیں۔مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے کہا ہے کہ اگر انہوں نے فلسطین کے حق میں احتجاج کی کال دی تو آپ مصر کی سڑکوں پر لاکھوں لوگوں کو دیکھیں گے۔