اجتماعی کوششوں سے پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالیں گے۔ میاں محمد شہبازشریف
دو سابق ارکان قومی اسمبلی سردار عاشق حسین گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ ن لیگ میں شامل ہوگئے
لاہور( ویب نیوز)
پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدراورسابق وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ افسوس ہے کہ چارقیمتی سال سیاسی انتقام میں جھونک دئیے گئے، انتقامی سیاست سے قوم کے فائدے کے منصوبے ، معیشت تباہ ، عوام مہنگائی کا شکار ہوگئے، ہمیں اپنی سزا کا نہیں، عوام اور ملک کو ملنے والی سزا کا دکھ ہے۔ اجتماعی کوششوں سے پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالیں گے، انشااللہ،۔ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی مظبوطی پاکستان کی معاشی بحالی اور عوام کی خوشحالی ہے،اللہ تعالی نے موقع دیا تو عوام کو معاشی تکلیفوں سے نجات دلائیں گے۔ جبکہ مظفر گڑھ سے دو سابق ارکان قومی اسمبلی سردار عاشق حسین گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ کا مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کا اعلان۔ہفتہ کے روز شہباشریف سے سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ،سابق وفاقی وزراء خواجہ محمد سعد رفیق، سردار ایاز صادق،سابق رکن قومی اسمبلی ملک عبدالغفار ڈوگر، سابق رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نزیر اور(ن)کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطااللہ تارڑایڈووکیٹ نے ملاقاتیںکیں۔پارٹی راہنمائوں نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو مبارک دی اور خوشی کا اظہار کیا۔ راہنمائوں نے سیاسی انتقام کے دور کا بہادری اور جرات سے مقابلہ کرنے پر پارٹی صدر کو خراج تحسین پیش کیا ۔ شہبازشریف نے پارٹی راہنمائوں کے جذبات پر شکریہ ادا کیا اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ شہبازشریف کا کہناتھا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے ایک بار پھر عوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا،قیادت اور کارکنوں نے بڑی جرات وبہادری اور ثابت قدمی دکھائی، قیادت کی بے گناہی پر کارکنوں اور عوام کو یقین تھا، یہ اعتماد سب سے بڑااثاثہ ہے،پاکستان اور عوام کی خدمت پر ناحق سزا کا سامنا کرنا اعزازسمجھتا ہوں ،ایک دھیلے کا الزام ثابت نہ ہونا عوام کی خدمت کاانعام ہے۔ ملاقاتوں میں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔راہنمائوں نے حلقوں میں جاری تیاریوں کے بارے میں پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔خواجہ عمران نزیر اور عطااللہ تارڑ نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو پھول بھی پیش کئے۔دوسری جانب اہم سیاسی شخصیات اور سابق ارکان قومی اسمبلی کی پاکستان مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔سابق ارکان قومی اسمبلی سردار عاشق گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ کا مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کا اعلان۔ دونوں راہنمائوں نے مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کا اعلان سابق وزیراعظم اور پارٹی صدر شہباز شریف سے ملاقات میں کیا۔ شہباز شریف نے سردار عاشق گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ کو مسلم لیگ(ن)میں شمولیت پر خوش امدید کہا اور مبارک دی۔ اس موقع پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اجتماعی کوششوں سے پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالیں گے، انشااللہ،۔ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی مظبوطی پاکستان کی معاشی بحالی اور عوام کی خوشحالی ہے،اللہ تعالی نے موقع دیا تو عوام کو معاشی تکلیفوں سے نجات دلائیں گے، مسلم لیگ(ن)کی حکومت نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں اور غریبوں کی ترقی کی ضمانت ہے،جنوبی پنجاب سمیت پورے پاکستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا اغاز کریں گے، انشااللہ۔ دونوں سابق ارکان قومی اسمبلی نے 16 ماہ کے دوران بطور وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی کو سراہا اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر سابق وززاء خواجہ محمد سعد رفیق ،سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑایڈووکیٹ ،(ن)لیگ پنجاب کے صدر اورسابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، (ن)لیگ پنجاب کے سیکرٹری جنرل اورسابق وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری اوردیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔