اسرائیل کے غزہ میں رہائشی علاقوں پر حملے، مزید150فلسطینی شہید،مجموعی تعداد18ہزارسے زائد ہوگئی
اسرائیلی حملوں میں 47ایتھلیٹ بھی شہید ہو چکے، فلسطین اولمپک کمیٹی
اسرائیل نے جھڑپوں میں 2 افسران سمیت مزیداپنے 5 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی، کل تعداد 97 ہو گئی
اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران مزید متعدد فوجی مارے گئے ہیں، اسرائیلی میڈیا
ہلاک ہونے والوں میں ایک اسرائیلی وزیرکا بیٹا اور ایک اس کا بھتیجا بھی شامل ہیں
قابض صیہونی فوج نے ایک بار پھر فلسطینیوں کو خان یونس کا علاقہ خالی کرنے کی دھمکی دی
اسرائیلی فوج نے بیت لاحیہ میں خلیفہ سکول کی عمارت کو آگ لگا دی اور سکول میں پناہ لینے والے فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا
غزہ( ویب نیوز)
اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت کا سلسلہ جاری ہے،غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی خوفناک بمباری میں مزید 150 فلسطینی شہید ہو گئے ،اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار سے زائد ہوگئی ہے،اسرائیل نے جھڑپوں میں 2 افسران سمیت مزید 5 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران مزید متعدد فوجی مارے گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک اسرائیلی وزیرکا بیٹا اور ایک اس کا بھتیجا بھی شامل ہیں۔القسام بریگیڈز نے کہا ہے کہ جنگجوؤں نے الزیتون محلے میں ایک عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا جس میں چھپے ہوئے متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے، قابض صیہونی فوج نے ایک بار پھر فلسطینیوں کو خان یونس کا علاقہ خالی کرنے کی دھمکی دی ہے۔ فلسطینی اولمپک کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 47 فلسطینی ایتھلیٹ بھی شامل ہیں۔ صیہونی ملک کے طیاروں نے غزہ کے علاقوں بریج، مغازی اور دیر البلاح پر سفاکانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید 14 فلسطینی شہری شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے بیت لاحیہ میں خلیفہ سکول کی عمارت کو آگ لگا دی اور سکول میں پناہ لینے والے فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔اسرائیل نے جارحانہ کارروائیوں میں بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑادیں ، سکول ،ہسپتال، رہائشی عمارتیں ، عبادت گاہیں سب کچھ ملیا میٹ کردیا ، خان یونس، رفاح ، جبالیہ اور دیگر علاقوں پر حملوں میں ہزاروں فلسطینی اسرائیلی بموں سے تباہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہیں۔ اس حوالے سے فلسطینی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے فلسطینیوں کو نکالنے میں شدید دشواریاں ہیں، ایندھن کی کمی سے شہری دفاع کے پاس اب صرف ایک گاڑی قابل استعمال ہے۔غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید ہونیوالوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے جبکہ حملوں میں 48 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر زاکی ہنیگبی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج کی تازہ کارروائیوں میں اہم کامیابیاں ملی ہیں، اسرائیلی افواج نے 7 ہزار سے زائد حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں 23 لاکھ سے زائد فلسطینی پہلے ہی بے گھر اور جنگ زدہ شہر میں کئی مرتبہ ایک جگہ سے دوسری جگہ پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران مزید متعدد فوجی مارے گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک اسرائیلی وزیرکا بیٹا اور ایک اس کا بھتیجا بھی شامل ہیں۔ عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں اپنے پانچ فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے، جس سے پٹی میں زمینی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک فوج کی ہلاکتوں کی کل تعداد 97 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے الزیتون محلے میں ایک عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا جس میں اسرائیلی فوجی چھپے ہوئے تھے۔ اس حملے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔