بانی پی ٹی آئی عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، بیرسٹر گوہر خان
بانی پی ٹی آئی کی سزا ختم کرنے کا فیصلہ بھی جلد آجائے گا۔ میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی( ویب نیوز) پر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تین حلقوں ،لاہور ،میانوالی اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی سزا ختم کرنے کا فیصلہ بھی جلد آجائے گا، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان ملنا اس کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹکٹیں دینے سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے بات چیت کررہا ہوں، 14 جماعتیں اکٹھی ہوجائیں تو بھی ان کو شکست دیں گے، چاہتے ہیں عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکے ، چیف جسٹس سے درخواست ہے عوام کے حقوق پرڈاکا ڈالنے سے روکنے میں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کا اعلان ہوچکا ہے، ہم چاہتے ہیں الیکشن وقت پر ہوں۔ اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی کے سیکرٹری سے ان کے کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں۔ اگر لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے تو صاف و شفاف الیکشن کا تاثر ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کل کاغذات نامزدگی دستخط کرائیں گے۔ مجھے آج جیل میں سادہ کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ الیکشن کمیشن یقینی بنائے کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں گے۔ بانی پی ٹی آئی میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف امپائر کے ساتھ ہمیشہ مل کر ساتھ کھیلتے ہیں، اس بار ہمارے امیدواروں کو میدان میں ہی اترنے نہیں دیا جارہا۔ ہمارا ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں۔ ہم نہیں چاہتے کہ اس وقت الیکشن کمشنر کو ہٹایا جائے نہ ہمارا یہ مطالبہ ہے۔ہمیں خدشہ ہے کہ اگر ہمارے لوگوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہو جائیں گے۔ ہم نہیں چاہتے حالات خراب ہوں۔چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ٹکٹوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت چل رہی ہے، اس میں مزید وقت بھی لگ سکتا ہے۔اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں، ٹکٹوں کا فیصلہ بہت جلد ہوگا، ان امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے پارٹی کیلئے قربانیاں دیں۔ان کاکہنا تھا کہ شفاف الیکشن نہ ہونے سے جمہوریت کو نقصان ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے پاس کل کاغذات نامزدگی لے کر جائیں گے، عمران خان عام انتخابات ضرور لڑیں گے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمارے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں، یہ غیر جمہوری عمل ہے، ہم عدالت کا دروزاہ کھٹکھٹائیں گے، چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی حمایت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کچھ پیغامات عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ پورے پاکستان سے افسوس ناک خبریں آرہی ہیں۔ جہاں جہاں سے ہمارے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرانے جارہے ہیں ان سے کاغذات چھینے جارہے ہیں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے اس معاملے پر عدالتوں میں جائیں۔امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننا فری اینڈ فیئر الیکشن کی عکاسی نہیں ہے۔بیرسٹر علی ظفر کے مطابق ہم الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ الیکشن سے ہی ملک میں استحکام ممکن ہیں۔ اگر پی ٹی آئی کو بلے کو نشان نہیں دیا گیا اسے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔ الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ پی ٹی آئی کے انتخابی نشان پر فیصلہ کیا جائے۔ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ سے جلد آنا ہے۔ امید ہے ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا۔۔