پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر بلاول کے نام کی منظوری دے دی
آصف علی زرداری نے نام پیش تجویز کیا
لاہور(صباح نیوز) پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نام کی منظوری دے دی ۔لاہور میں پیپلزپارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے مشترکہ طور پر کی۔بلاول ہاؤس میں ہونے والے پی پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ہائبرڈ اجلاس میں تمام اراکین موجود تھے۔اجلاس میں عام انتخابات، انتخابی مہم اور پارٹی منشور کے حوالے سے بات چیت کے ساتھ ساتھ ملکی سیاسی صورت حال اور سیاسی رابطوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ سابق آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام پیش کردیا۔ پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نام کی پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر توثیق کردی۔