پرسوں امپائر نے نوبال دی، پی پی سے کسی صورت اتحاد نہیں کریں گے: عمران خان
لندن پلان کے تحت مجھے جیل میں ڈالا، پی ٹی آئی کو ختم کرنیکی کوشش کی گئی، پیشگوئی کررہاہوں ان کیساتھ بہت برا ہونے والا ہے: سابق وزیراعظم
راولپنڈی (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پیپلزپارٹی سے انتخابی اتحاد سے انکار کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیا لہ جیل میں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ لندن پلان کے تحت مجھے جیل میں ڈالا، پی ٹی آئی کو ختم کرنیکی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہمیشہ امپائرز کو ساتھ ملا کر کھیلتا ہے، پرسوں ایک امپائر نے نوبال دی ہے، پیشگوئی کررہاہوں ان کیساتھ بہت برا ہونے والا ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا پیپلز پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد ممکن ہے؟ اس پر عمران خان کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کسی صورت اتحاد نہیں کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے کیس ختم کر دیے گئے، نوازشریف، آصف زرداری، مریم نواز نے توشہ خانہ سے بلٹ پروف گاڑیاں لیں، انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ سائفر کا اوپن ٹرائل کیا جائے تاکہ لوگوں کو حقائق کا پتہ چلے، یہ مجھے کہتے ہیں کہ سائفر کو سیکرٹ کیوں نہیں رکھا۔بانی پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ انہیں ڈونلڈ لو اور جنرل باجوہ کو ایکسپوز کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، انہوں نے دعوی کیا کہ سپریم کورٹ بھی لندن ایگریمنٹ کے تحت چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ واحد آدمی ہوں جس نے 27 سال جدوجہد کر کے پارٹی کو اس جگہ پہنچایا، ان کو عوام کے غصے کا اندازہ نہیں ہے، سوشل میڈیا کے دور میں کوئی چیز چھپ نہیں سکتی،انہیں لوگوں کا غصہ 8 فروری کو نظر آئے گا اور لوٹوں کی حالت بھی 8 فروری کو نظر آئے گی۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی اس وجہ سے کرش نہیں ہوئی کیونکہ عوام ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 850 ٹکٹ تھے مگر مشاورت کے لیے رجسٹر بھی جیل میں نہیں آنے دیا گیا،خیال رہے کہ 13 جنوری کو سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات اور بلے کے انتخابی نشان کیکیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا اور پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا تھا