تحریک انصاف کا دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کا فیصلہ
پارٹی ترجمان رؤف حسن تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر مقرر
اسلام آباد ( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف نے دوبارہ انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ پارٹی ترجمان رؤف حسن تحریک انصاف کے وفاقی چیف الیکشن کمشنر مقرر کردیئے گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جنرل باڈی نے باضابطہ منظوری دے دی ۔ پارٹی کے چیف آرگنائزر عمر ایوب کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔قراردادمنظور کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات جلد کروائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کی جنرل باڈی کا ورچوئل اجلاس منعقد کیا گیا جس میں انٹرا پارٹی الیکشن کی قرارداد منظور کرلی گئی۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں طلب کیا گیا تھا جسکے بعد پولیس کی بھاری نفری کی جانب سے پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ کو سیل کردیا گیا اور مرکزی دفتر کی طرف آنے والے تمام راستے بند کر دیے۔پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد بند ہونے کے بعد تحریک انصاف کا جنرل باڈی اجلاس ورچوئلی منعقد کیا گیا جس میں انٹرا پارٹی الیکشن کی قرارداد منظور کرلی گئی ۔پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق قرارداد پاس ہونے کے بعد اب جلد انٹرا پارٹی انتخابات کروائے جائیں گے، پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کی ہدایات کے تحت اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت ڈیجیٹلی بھی کروائے جا سکتے ہیں۔تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کے جنرل باڈی ورچوئل اجلاس میں کوئٹہ پشاور، اسلام آباد اور دیگر شہروں سے ممبران اور عہدیداران شریک ہوئے۔پی ٹی آئی اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں رؤف حسن کو متفقہ طور پر تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر فیڈرل مقرر کردیا گیا جبکہ قاضی محمد انور خیبر پختون خواہ، ولید اقبال پنجاب، نورالحق قریشی سندھ، سید اقبال بلوچستان اور شاہ ناصر گلگت بلتستان کے صوبائی الیکشن کمشنر مقرر کردیئے گئے ہیں.قرارداد کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کے فیصلے تک عمر ایوب پارٹی کے چیف آرگنائزر ہوں گے جبکہ 3 جنوری 2024 تک پاکستان تحریک انصاف کی رابطہ ایپ پر رجسٹرڈ ممبران ہی الیکشن لڑنے اور ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات کے لئے نامزد کردہ امیدوار آزاد نہیں سمجھے جائیں گے بلکہ الیکشن کے بعد بھی پی ٹی آئی کا ہی حصہ ہوں گے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ عمران خان پی ٹی آئی کے بانی ہیں اور ہمیشہ ہمارے لیڈر رہیں گے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ اجلاس اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد ہوگا، اجلاس میں انٹرا پارٹی الیکشن اور دیگر تنظیمی معاملات زیرِ غور آئیں گے۔قرارداد میں بانی چیئرمین عمران خان، انکی اہلیہ سمیت پی ٹی آئی کے کارکنان اور لیڈروں کی گرفتاری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی.