سابقہ حکمران امن تباہ کرنے اور بدترین مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، سراج الحق
دھماکوں میں 85ہزار پاکستانی شہید ہوگئے، قاتلوں کا آج تک پتا نہیں چل سکا،
80ہزار ارب قرض کی دلدل میں دھنسے پاکستان میں 10کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزاررے ہیں
نارووال ( ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکمران امن تباہ کرنے اور بدترین مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، ملک میں روزانہ دھماکے ہوتے ہیں، 85ہزار پاکستانی شہید ہوگئے، قاتلوں کا آج تک پتا نہیں چل سکا، 80ہزار ارب قرض کی دلدل میں دھنسے پاکستان میں 10کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ، اکثریت کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں،دوسری طرف حکمران اشرافیہ ساڑھے پانچ سو ارب کی مفت بجلی استعمال کرتی ہے، 90ہزار سرکاری گاڑیوں میں 220ارب کا تیل جلتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نورکوٹ نارووال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل وسطی پنجاب نصراللہ گورائیہ، امیر ضلع و امیدوار پی پی 56طلعت رشید، پی پی 54مرزا محمد ایوب و دیگر قیادت بھی موجود تھی۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی کا نارووال پہنچنے پر پُرجوش استقبال ہوا۔ مقامی قائدین اور نوجوانوں کے ہمراہ ریلی کی شکل میں وہ نورکوٹ پہنچے تو جلسہ گاہ اسلامی نظام کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا۔ برطانیہ کا وزیراعظم پانچ کمروں کے مکان میں، ہمارے صدور، گورنرز، وزارئے اعظم، بیوروکریسی ایکڑوں کے محلات میں براجمان ہیں، ان کی گاڑیاں عالی شان اوربڑی اور ہمیں قرضہ دینے والے ممالک کے حکمرانوں کی چھوٹی ہوتی ہیں۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور امن و انصاف کے قیام کے لیے عوام ترازو پر مہر لگائیں۔ امیر جماعت نے عوام سے وعدہ کیا کہ جماعت اسلامی کامیاب ہو کر انھیں قرآن و سنت کا نظام دے گی۔امیر جماعت نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک تباہ کیا، یہ پچیس پچیس برس تک حکومتیں کرنے کے باوجود باریاں مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وسائل کی بہتات ہے، مسئلہ کرپشن اور نااہل حکمران ہیں۔ ملک میں سالانہ 5ہزار ارب کی کرپشن ہوتی ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر احتساب کا ایسا کڑا نظام متعارف کروائے گی کہ ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار آئندہ نسلوں کو بتا کر جائیں گے کہ کرپشن نہیںکرنی۔ انہوں نے کہا کہ ڈھٹائی سے ملک کو نواز دو کا نعرہ لگانے والے بتائیں انہوں نے گزشتہ ادوار میں عوام کے لیے کیا خدمات انجام دیں۔ پاکستانیوں کو عزت سے جینے کا حق چاہیے ، بے روزگاروں کو روزگار اور بچوں کو تعلیم کا حق چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ پر پندرہ برس مسلسل حکومت کی، آج اندرون سندھ میں سب سے زیادہ غربت ہے، ظالم وڈیروں نے سندھ کے سکولوں کو اصطبلوں میں تبدیل کرگیا، سندھ کے عوام سیلاب میں مرتے رہے اور پیپلز پارٹی کے نیرو چین کی بانسری بچاتے رہے۔ قوم پر جب بھی مشکل وقت آیا، خدمت کے لیے جماعت اسلامی سب سے آگے تھے۔ ہم نے اہل فلسطین کے لیے دنیا بھر میں آواز بلند کی، انہیں ایک ارب چالیس کروڑ کی امداد بھیجی، حکمران پارٹیوں نے امریکا کے خوف سے اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک احتجاج تک نہیں کیا، یہ کشمیر کا سودا کرنے والوں میں سے ہیں، انہوں نے ڈاکٹر عافیہ کو امریکیوں کے حوالے اور پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو باعزت رہا کیا، یہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار ہیں، یہ اب بھی اقتدار میں آئے تو اپنے بنک بیلنس اور کارخانوں میں اضافہ کریں گے، ملک میں انگریز کانظام جاری رکھیں گے، عوام ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر سب سے پہلی ضرب سودی نظام معیشت پر لگائے گی، ہم عدالتوں میں قرآن کا نظام متعارف کرائیں گے۔ ہم مسجد اقصیٰ اور کشمیریوں کی آزادی کا مقدمہ پوری جرات سے لڑیں گے، ڈاکٹر عافیہ کو واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کامیابی خاندانوں کی بادشاہت کی بجائے اللہ کی بادشاہت کے قیام کے لیے ہوگی۔