کابینہ نے پی آئی اے کی تنظیم نو کی منظوری دے دی
ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز بھی منظور
پشاور کی 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے اعلامیہ
اسلام آباد(ویب نیوز)
وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔ پی آئی اے کو دو کمپنیوں ٹاپ-کو اور ہولڈ-کو میں تقسیم کردیا جائے گا ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی بھی منظوری دے دی گئی ، پشاور میں 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے وزارتِ دفاعی پیداوار کی سفارش پر لیفٹینٹ جنرل طاہر حمید شاہ کی پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے طور پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔ لیفٹینٹ جنرل طاہر حمید شاہ کی تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر 2023 سے ہو گا۔ وزارت خارجہ کی سفارش پر میجر عابد منصور خان کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کی جانب سے "نوت شجاعت”. ( Note-e-Shujaat) اور "نوت شرف” (Note-e-Sharf) کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دے دی گئی ہے ۔وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر محمد اشرف خان، پروٹوکول افسر کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں آسٹریا کی حکومت کی جانب سے گولڈ میڈل وصول کرنے کی اجازت دے دی۔ اسی طرح وزارت خارجہ کی سفارش پر ائیر کموڈور سید عمران علی کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں پاکستانی سفارت خانہ ٹوکیو میں بطور ڈیفنس اتاشی خدمات سرانجام دینے پر ڈیفنس کوآپریشن ایوارڈ فرسٹ کلاس کا ایوارڈ وصول کرنے کی حٰ اجازت دے دی ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز پر پشاور میں 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ ان عدالتوں کے ججوں کی تقرری کے حوالے سے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز منظور کرلی گئی ہے۔ باقی ماندہ عدالتیں احتساب عدالتوں کے طور پر کام کرتی رہیں گی۔ ان تبدیلیوں سے قومی خزانے پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔وفاقی کابینہ نے نجکاری ڈویژن کی سفارش پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائینز گزشتہ کئی برسوں سے خسارے میں ہے. کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں میں پی آئی کی مالی و انتظامی تنظیم نو کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کو مزید بتایا فنانشل ایڈوائزر کی جانب سے بین الاقوامی مثالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کی مالیاتی تنظیم نو کا منصوبہ تشکیل دیا جس کے تحت پی آئی اے کو دو کمپنیوں ٹاپ-کو (TopCo)اور ہولڈ-کو (HoldCo) میں تقسیم کردیا جائے گا۔ پی آئی اے کے بنیادی آپریشنز انجنئیرنگ، گرانڈ ہینڈلنگ، کارگو، فلائیٹ کچن اور ٹریننگ کو ٹاپ-کو میں شامل کیا جائے گا جبکہ دیگر ادارے جیسا کہ پریسیژن انجینئرنگ کمپلیکس پی آئی اے انوسٹمنٹ لمیٹیڈ دیگر ذیلی اداروں و پراپرٹیز کو ہولڈ -کو (Hold-Co)میں شامل کیا جائے گا۔ ان اقدامات سے سر مایہ کاروں کو پی آئی اے کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے نجکاری کو حکومتی ملکیتی اداروں کے پی آئی اے پر تصفیہ طلب رقوم کے حوالے سے معاملات جلدنمٹانے کے ہدایت بھی دی۔وزارت نجکاری کی سفارش پر فرسٹ وویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر ان ادویات کی قیمتوں کی ڈی- ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دے دی جو کہ انتہائی ضروری ادویات کی نیشنل لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ ان تجاویز کے تحت نیشنل لسٹ میں موجود انتہائی ضروری ادویات کے علاوہ ادویات کی قیمتوں کو ڈرگ ایکٹ 1976 سے مستثنی قرار دیا جائے گا اور ڈرگ پرائیسنگ پالیسی 2018 میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ مزید برآں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ڈاکٹر کی جانب سے مریضوں کو وٹامنز ، ملٹی وٹامنز ، منرلز اور اوور دی کائونٹر مصنوعات تجویز نہیں کی جائے گی۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی وٹامنز ، ملٹی وٹامنز ، منرلز اور اوور دی کائونٹر مصنوعات کی فہرست مروجہ عالمی معیار کے مطابق مرتب کرے گی اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں سے بھی رابطے میں رہے گی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 01-02-2024کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔