انتخابات سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں ،ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین کو بھی دعوت دی گئی تھی
10 فروری کو ، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے دفاترپر چھاپوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ،ممتاز زہرا بلوچ کی ہفتہ وار بریفنگ
اسلام آباد (ویب نیوز)
دفتر خارجہ کے ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، الیکشن سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں ، پاکستان نے اپنا آئینی فرض سنجیدگی سے ادا کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین کو بھی دعوت دی گئی تھی، ہم نے غیر ملکی مبصرین اور دولت مشترکہ مبصرین کا خیر مقدم کیا، پاکستان نے اپنا آئینی فرض سنجیدگی سے ادا کیا اور ہم اپنی آئینی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھاتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، الیکشن سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستانیوں کو ملک کے سیاسی عمل پربات کا حق حاصل ہے اس پر ہم تبصرہ نہیں کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ہم رفح شہر میں اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، او آئی سی نے بھی اسرائیلی جارحیت پر تنبیہہ کی ہے اور پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹرپر عملدر آمد سمیت فلسطینیوں کا قتل عام روکنیکا مطالبہ کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فورسز نے 10 فروری کو جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے دفاتر پر چھاپے مارے، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے دفاترپر چھاپوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیرکا حل کشمیریوں کی خواہشات اوریو این قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں دہشت گرد عناصر کے سر اٹھانے پر تحفظات ہیں، افغان انتظامیہ سے پاکستان کیخلاف سرگرم دہشتگرد گروہوں پرکارروائی کا کہا ہے، ہمیں افغانستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر تشویش ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی میڈیا بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا کہ پاکستان اور جمہوریہ ڈومینک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوگئے ہیں۔