توہین عدالت کیس ،ڈی سی اسلام آباد ،ایس ایس پی آپریشنز،ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو قید وجرمانے کی سزا
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید،ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ قید اور ایس ایچ او کو دو ماہ قید جبکہ ایک، ایک لاکھ روپے جرما نہ کیا گیا
ایس پی صدر توہین عدالت کیس میں بری ،۔عدالتِ عالیہ نے اپیل کے لئے وقت دیتے ہوئے ایک ماہ تک سزا معطل بھی کر دی
ڈی سی اسلام آبادایک ماہ میں فیصلے کیخلاف اپیل فائل کریں، فیصلہ معطل نہ ہوا تو انہیں جیل بھجوایا جائے،اسلام آباد ہائی کورٹ
عدالت کی عدالتی آرڈر کی کاپی وزیراعظم پاکستان کو بھیجنے کی ہدایت
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی غیر قانونی گرفتاریوں کے کیس میں توہین عدالت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نوازمیمن کو 6 ماہ قید ،ایس ایس پی آپریشن ملک جمیل ظفر کو4ماہ قید ،ایس ایچ اوتھانہ کوہسارکو2ماہ قید وجرمانے کی سزا سنا دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔آئی جی اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد، اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی صدر عدالت میں پیش ہوئے۔فیصلے میں کہا گیا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر توہین عدالت کے مرتکب قرار پائے ۔فیصلے کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی ، ایس ایچ او کو بھی دو ماہ قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا دی گئی ۔عدالتِ عالیہ نے اپیل کے لئے وقت دیتے ہوئے ایک ماہ تک سزا معطل بھی کر دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد 1 ماہ کے دوران فیصلے کے خلاف اپیل فائل کریں، 1 ماہ تک اگر عدالت سے فیصلہ معطل نہ ہوا تو انہیں جیل بھجوایا جائے۔ایس پی صدر کو توہین عدالت کیس میں بری کر دیا گیا ۔عدالت نے عدالتی آرڈر کی کاپی وزیراعظم پاکستان کو بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔