سراج الحق کا 10 مارچ کو آبپارہ سے امریکی سفارتخانے تک غزہ مارچ کا اعلان
تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں ،شہریوں سے غزہ مارچ میں شرکت کی اپیل
نئی پارلیمان میں فلسطین میں جاری ظلم و جبر کا احساس کسی کو نہیں
ایوان میں بس لوٹے ، گھڑیاں بوٹ لہرائے جا رہے ہیں ، امیر جماعت کی پریس کانفرنس
اسلام آباد ( ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے 10 مارچ (اتوار کو) آبپارہ چوک سے امریکی سفارتخانے تک غزہ مارچ کا اعلان کر دیا ، تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں ، سول سوسائٹی ، طلبہ نوجوانوں سمیت راولپنڈی اسلام آباد و گرد و نواح کے شہریوں سے غزہ مارچ میں شرکت کی اپیل کر دی ، نئی حکومت غزہ بچاؤ کا روڈ میپ دے ، کسی کونئی پارلیمان میں فلسطین میں جاری ظلم و جبر کا احساس نہیں ہے اور ایوان میں لوٹے ، گھڑیاں بوٹ لہرائے جا رہے ہیں ، گالم گلوچ سے اس کا آغاز ہوا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو جماعت اسلامی کے مقامی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، نائب امیر میاں محمد اسلم ، شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم ، ضلعی امیر نصر اللہ رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سراج الحق نے کہا کہ غزہ فلسطین میں اسرائیلی ظلم و جبر کو 150 دن ہو گئے ہیں ہر طرف آگ و بارود موت کے سائے ہیں 31 ہزار سے زائد فلسطینی شہید 71 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں اور ساری دنیا بشمول اسلامی ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں بے حسی کی چادر اوڑھ رکھی ہے اور ظلم و جبر کا کسی کوئی احساس نہیں ہے ۔ عالم انسانیت ضرور بیدار ہے ، اسرائیلی ظلم و جبر کے خلاف امریکی خود سوزی کر رہے ہیں اور او آئی سی امریکا کی طرف دیکھ رہی ہے ۔ امریکا اسرائیلی حمایت میں 54 قرار دادیں ویٹو کر چکا ہے ۔ سب گونگے ، بہرے اندھے بنے ہوئے ہیں اور نسل کشی کا تماشا دیکھ رہے ہیں ۔ خراج تحسین پیش کرتے ہیں مظلوموں کو ایک دن بھی اسرائیلی قبضے کو تسلیم نہیں کیا ۔ بیت المقدس کا تحفظ برابر جاری ہے ، بمباری ہو رہی ہے ، ہسپتالوں پر ٹینکوں نے چڑھائی کر دی ہے دوسری طرف عالم اسلام میں بھی قبرستان کی طرح خاموشی ہے ۔ ہم نے غزہ بچاؤ کے لیے عوامی بیداری کے سلسلے میں نئی جدوجہد شروع کی ہے پونے دو ارب روپے کی فلسطینیوں کی امداد کر چکے ہیں ۔ یہ کام کسی این جی او کے بس کا نہیں ہے ۔ ریاست اس میں شامل ہو نئی حکومت نے اب تک غزہ بچانے کا روڈ میپ نہیں دیا اسمبلی آغاز ہی میں اکھاڑا بن گئی ۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ، پارلیمان ظلم و جبر پر خاموش نہ رہے ۔ 10 مارچ کو اسلام آباد میں آبپارہ چوک سے امریکی سفارتخانے تک غزہ مارچ ہو گا سب سے شرکت کی اپیل کرتا ہوں ۔ اسلامی ممالک غزہ کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کریں امریکا کی طرف نہ دیکھیں ۔ اسلامی ممالک کے پاس 74 لاکھ فوج ہر قسم کے وسائل موجود ہیں مگر 86 لاکھ آبادی پر مشتمل اسرائیل گریٹر اسرائیل کے لیے پیشقدمی کرنا چاہتا ہے ۔ ترکی ، اسرائیل ، مصر ، شام ، سعودی عرب اسرائیلی سازش اور منصوبے کا ادراک کریں ۔ وہ غزہ پر قبضہ کرنے کے بعد مدینہ مکة المکرمہ کی طرف پیشقدمی کی کوشش کریگا بیدارہونے کی ضرورت ہے جبکہ مسلمان حکمران تاحال سوئے ہیں ۔ پاکستان کے دانشوروں ، نوجوانوں ، سیاسی کارکنوں ، صاحب ثروت افراد سب سے اپیل کرتا ہوں فلسطین کو بچانے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہو جائیں ۔ ایک سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہا کہ کچھ دیر کے لیے سیاست کو ایک طرف رکھیں سارا سال اس پر بات ہو گی غزہ میں آگ لگی ہے اور اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ بھی ہماری اس قسم کی پریس کانفرنس اور سرگرمیوں کی کوریج رکوانے یا اس کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کرے گا ۔