کسی کو بھی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ا علی امین گنڈاپور

نظام کو ٹھیک کرنے کے لئے اصلاح کی جائے گی

  ایسا نظام  قائم کرنا ہے  کوئی  کسی  سے  زیادتی ،نا انصافی نہ کر سکے

وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری  صوبے کے عوام کی کھلی توہین ہے،ترجمان پی ٹی آئی

خیبرپختونخوا سے وزیراعظم یا وزیراعلی پنجاب کی گرفتاری کے وارنٹس جاری ہوئے تو اسے کس نگاہ سے دیکھا جائے گا،

ڈیرہ اسماعیل خان ( ویب  نیوز)

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں  کسی کو بھی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا نظام کو ٹھیک کرنے کے لئے اصلاح کی جائے گی  ایسا نظام  قائم کرنا ہے جس  میں کوئی بھی کسی کے ساتھ زیادتی اور نا انصافی نہ کر سکے۔۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی خان کی تحصیل پہاڑ پور کے دورے کے موقع پر مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ختم کرنے پر معاشی صورتحال انتہائی خراب ہوئی ہے، مہنگائی کا ایک طوفان آیا ہوا ہے، بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا ہے ، موجودہ صورتحال میں غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے۔ غریب طبقے کو ذیادہ سے زیادہ ریلیف دینا خیبر پختونخوا حکومت کی اہم ترجیح ہے اس لئے صوبائی حکومت نے رمضان کے مہینے میں صوبے کے ساڑھے آٹھ لاکھ مستحق خاندانوں کو رمضان ریلیف پیکج دینے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں احساس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ساڑھے آٹھ لاکھ مستحق خاندانوں کو باعزت طریقے سے ان کے گھر کی دہلیز پردس دس ہزار روپے نقد دئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہر یونین کونسل کی سطح پر ان مستحق خاندانوں کو بھی دس دس ہزار روپے دئے جائیں گے جو کسی وجہ سے احساس پروگرام کے ڈیٹا میں شامل نہیں، انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلی ان پر پورے صوبے کی ذمہ داری عائد ہے اور پورے صوبے کی یکساں ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ان کے فرائض میں شامل ہے جس کے لئے وہ ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کریں گے۔ صوبے میں امن و امان کا قیام اور لوگوں کے جان و مال کا تحفظ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی جس کے لئے ترجیحی بنیادوں پر نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں گے کیونکہ امن ترقی و خوشحالی کے لئے اولین ضرورت ہے اور امن کے بغیر کوئی ترقی ممکن ہی نہیں۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں ریلیف پہنچانا صوبائی حکومت کی دوسری اہم ترجیح ہوگی اور اس ضمن میں فوری طور پر صحت کارڈ اسکیم کو بحال کردیا ہے جبکہ پناہ گائیں دوبارہ کھول دی گئی ہیں تاکہ رمضان کے مہینے میں لوگوں کو فوری ریلیف مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف پہنچانے کا یہ سلسلہ آنے والے دنوں میں مزید بہتر انداز میں جاری رہے گا۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت بھی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہونگی، تعلیم کے فروغ کے لئے نئی عمارتوں کے بننے کا انتظار کئے بغیر اقدامات شروع کئے جائیں گے جبکہ صحت کے شعبے میں لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کے لئے طبی مراکز کو مستحکم بنایا جائے گا تاکہ انہیں علاج معالجے کے لئے شہروں کا رخ نہ کرنے پڑے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبے کو معاشی لحاظ سے اپنے پاوں پر کھڑا کرنا ان کی حکومت کی اہم ترجیح ہوگی جس کے لئے معدنیات، سیاحت صنعت، توانائی اور دیگر شعبوں کو ترقی دے کر آمدن کے ذرائع بڑھائے جائیں گے جبکہ کے صوبے کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے، خواتین کو گھروں میں روزگار اور نوجوانوں کو جدید سکلز ٹریننگز دی جائیں گی اور اسی طرح زراعت اور لائیو اسٹاک کو ترقی دے کر لوگوں کو خود روزگاری کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت انتقام کی سیاست پر بالکل یقین نہیں رکھتی بلکہ اصلاح پر یقین رکھتی ہے، کسی کو بھی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا بلکہ نظام کو ٹھیک کرنے کے لئے اصلاح کی جائے گی تاکہ ایک ایسا نظام وجود میں آنے جس میں کوئی بھی کسی کے ساتھ زیادتی اور نا انصافی نہ کر سکے۔ انہوں نے نوجوانوں اور پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ حکومت کی پالیسیوں اور اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ان کی ٹیم بن کر کام کریں،  ترقیاتی منصوبوں پر کام کی معیار پر نظر رکھیں اور بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھائیں۔ بعد ازیں وزیراعلی نے پہاڑ پور میں قائم صوبائی حکومت کے فلاحی مرکز زمونگ کور کا دورہ کیا اور وہاں پر مقیم نادار بچوں میں گھل مل گئے۔ وزیر اعلی نے زمونگ کور میں مقیم بچوں نقد انعامات دئے اور وہاں پر بچوں کی تعلیم وتربیت اور قیام و طعام کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ ِِ

وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری  صوبے کے عوام کی کھلی توہین ہے،ترجمان پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کے قائدین خصوصاً وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے  اظہار تشویش کیا گیا ہے ترجمان نے کہا ہے کہ جعلی، جھوٹے، بے بنیاد اور من گھڑت مقدمات کی آڑ میں خیبرپختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین اور وحدت پر سنگین حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔  عوام کے مینڈیٹ کو مالِ غنیمت سمجھ کر لوٹنے اور مجرموں میں بانٹنے والے اپنی شرانگیزیوں سے باز نہیں آرہے، غلط  مقدمات میں منتخب وزیراعلی خیبرپختونخوا کے وارنٹ گرفتاری کا اجرا صوبے کے عوام کی کھلی توہین ہے، اگر خیبرپختونخوا سے وزیراعظم یا وزیراعلی پنجاب کی گرفتاری کے وارنٹس جاری ہوئے تو وفاق اسے کس نگاہ سے دیکھا گا۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ  دستور و قانون اور جمہوری اقدار کی پاسداری کو ہماری کمزوری سے تعبیر کرتے ہوئے ملک کو ماورائے آئین اقدامات کی بھینٹ چڑھانے والے اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہے،  وفاق کو استحکام اور احترامِ باہمی کے ذریعے قومی وحدت و یگانگت کی ضرورت ہے، اس قسم کے شرمناک اقدامات سے قومی وحدت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، خفیہ و اعلانیہ فیصلہ ساز ہوش کے ناخن لیں اور وفاق کو جعلی مقدمہ بازی اور انتقامی ہتھکنڈوں کی بھینٹ چڑھانا بند کریں۔

#/S