گوادر پورٹ اتھارٹی پر بی ایل اے کا حملہ ناکام، تمام 8 دہشت گرد ہلاک

محسن نقوی  کی  گوارد میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر بی ایل اے کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا اور فائرنگ کرتے ہوئے اندر گھسنے کی کوشش کی تاہم جوابی کارروائی میں تمام 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو  گوادر پورٹ اتھارٹی پر بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، فائرنگ کی اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی، حملے کو ناکام بنانے کے لیے فورسز نے جوابی کارروائی کی، بھاری نفری طلب کرلی، دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔آپریشن کے دوران گوادر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے سبب دہشت گردوں کا سیکیورٹی کمپلیکس میں گھسنے کا منصوبہ ناکام ہوگیا اور جوابی فائرنگ میں تمام آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔ گوادر شہر میں فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر جاری رہا،  دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، جائے وقوعہ سے دھواں بھی اٹھتا دکھائی دیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے گوارد پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پردہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش  دی ہے ۔ اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے  دہشتگردی کی کارروائی کو ناکام بنایا ۔دہشتگردوںکے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکار قوم کے ہیروہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے والے وطن عزیز کے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔  دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہیگی۔

 انسداددہشت گردی کے قومی  ایکشن پلان کی رابطہ  کمیٹی کا اجلاس  اگلے ہفتے  طلب کرلیا گیا ۔  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  نے  نیشنل کاونٹر ٹررازم اتھارٹی (نیکٹا ) کے ہیڈ کوارٹر  کا دورہ کیا۔ اس موقع پر  اہم اجلاس ہوا۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نیکٹا کو فرنٹ فٹ پر لڑانے کا فیصلہ  کیا گیا ہے ۔نیکٹا کی جدید خطوط پر تنظیم نو کی جائے گی،نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اگلے ہفتے اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیرداخلہ  صدارت کریں گے۔ متذکرہ اجلاس میں محسن نقوی نے کہا کہ  دہشتگردی کے ہر واقعہ کے بعد  کی جانے والی کارروائی سے زیادہ اہم ہے کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف پیشگی ایکشن لیں اوردہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو خاتمہ کیاجائے۔ وزیر داخلہ نے تمام صوبائی سی ٹی ڈیز کی استعدادکار کے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی  انھوں نے کہا کہ اب عملی اقدامات کرنا ہونگے،  کسی دہشت گرد تنظیم کو معافی نہیں ملے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے انتہا پسند نظریہ کے خلاف پاکستانی قومی بیانیہ کی بڑے پیمانے پر ترویج کرنا ہو گی۔  دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جامع حکمت عملی ترتیب دیتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پرمکمل  عملدرآمد کیا جائے۔ سربراہ نیکٹا، رائے طاہر نے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی اور اعلی حکام نے  اجلاس میں شرکت کی ۔

صدر زرداری اور  بلاول بھٹو زرداری  کی گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشت گردوں کے حملے کی  مذمت

 صدر مملکت آصف علی زرداری نے  گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشت گردوں کے حملے کی پر زور مذمت کی ہے ۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق  صدر مملکت نے گوادر میں فورسز کی موثر جوابی کاروائی کو سراہا  ہے ۔ صدر نے کہا ہے کہ ہماری بہادر فورسز نے جرات اور ہمت کا مظاہرہ کیا، دہشت گرد عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے  گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پوری قوم دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کے لیے متحد ہے۔ ہم بطور قوم اس طرح کی گھنانی حرکتوں سے خوفزدہ یا مایوس ہونے سے انکار کرتے ہیں: بلاول بھٹو زرداری  نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تشدد کی اِن بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد ہماری قوم کے استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانا ہے: ہماری فورسز کے جوان انتہا پسند عناصر کے خلاف جواں مردی سے نبرد آزما ہیں: بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جی پی اے کمپلیکس پر حملے کو ناکام بنانے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف پرعزم موقف اپنایا ہے۔ ہم سب مل کر، تمام چیلنجوں پر قابو پالیں گے اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھریں گے