پاکستان کی مشکلات کم ہوتی نظر نہیں آرہیں ،سرکاری خزانہ خالی پڑا ہے،برطانوی جریدہ
معیشت اب تک ڈانواں ڈول ،مزید بیرونی قرضوں کی اشد ضرورت ہے ، ملک کو اب بھی بہت مسائل کا سامنا ہے
اسٹیبلشمنٹ کے ہتھکنڈے اپنائے جانے کے باوجود پی ٹی آئی کے بانی کی پوزیشن مضبوط ہے،رپورٹ دی اکنامسٹ
لندن( ویب نیوز)
برطانوی جریدے دی اکنامسٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مشکلات کم ہوتی نظر نہیں آرہیں ،سرکاری خزانہ تقریبا ًخالی پڑا ہے۔ ملک کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کے قرضے کا انتظار ہے۔برطانوی جریدے دی اکنامسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ حکومت قائم ہوچکی ہے، وفاقی کابینہ بھی تشکیل پاچکی ہے مگر پاکستان کی مشکلات کم ہوتی نظر نہیں آرہیں، معیشت اب تک ڈانواں ڈول ہے۔ مزید بیرونی قرضوں کی اشد ضرورت ہے ۔جریدے نے لکھا کہ ملک کو اب بھی بہت سے مسائل کا سامنا ہے ، سرکاری خزانہ تقریباً خالی پڑا ہے، ملک کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کے قرضے کا انتظار ہے،دہشت گردی کی لعنت نے ملک کو اب تک جکڑ رکھا ہے، دہشت گردی کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ ملک کو استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ حکومت اب تک قدرے گومگو اور بدحواسی کے عالم میں دکھائی دے رہی ہے۔اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے بہت سے ہتھکنڈے اپنائے جانے کے باوجود پی ٹی آئی کے بانی کی پوزیشن اب بھی مضبوط ہے۔ انہیں ان کے پرستاروں، حامیوں اور کارکنوں سے دور رکھنے کی کوششیں اب تک ناکامی ہی سے دوچار ہوئی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش کا طریقہ بھی آزماکر دیکھا ہے مگر کچھ خاص فرق نہیں پڑا۔