عیدالفطر کے موقع پر وفاقی حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو اپریل کے بجلی کے بلوں میں کمی کی خوشخبری سنا دی۔
اسلام آباد ( ویب نیوز )
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اپنے بیان میں بتایا کہ اپریل کے بجلی کے بلوں میں 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی ہے، مجموعی کمی ڈالر کے لحاظ سے سہہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹس کی وجہ سے ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کم ہو کر 4 روپے 92 پیسے مقرر ہوئی جبکہ ایندھن کی قیمت میں 2 روپے 14 پیسے کی کمی ہوئی۔
اویس لغاری نے کہا کہ پہلے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 4 روپے 43 پیسے تھی کم ہو کر 2 روپے 75 پیسے ہوگئی، بجلی کے بلوں میں ایک روپیہ 68 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی ہوگی، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نیپرا ہر سال کے آغاز میں پورے سال کے ’ریفرنس ٹیرف‘ کا تعین کرتا ہے، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ایک ماہ میں بجلی کی پیداوار پر لاگت کا تعین کرتا ہے، ایندھن کی قیمت میں کمی پر صارفین کیلیے قیمت میں کمی کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا ٹیرف سے قیمت زائد ہونے پر ایندھن کی مقررہ قیمت کے درمیان فرق کی رقم وصول کی جاتی ہے، اس فرق کو وصول نہ کرنے سے ملکی خسارے میں اضافہ ہوتا ہے، نیپرا ہر ماہ کیلیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا تعین کرتی ہے۔