اسرائیلی فوج کے حملے جاری،مزید 63فلسطینی، ایک اور مسجد شہید ، غزہ میں اجتماعی قبریں دریافت
جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے
اسرائیلی فوج نے ایک اسکول کو گھیرے میں لے لیا جہاں سینکڑوں افراد پناہ لیے ہوئے ہیں، شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں
وزارت صحت اور سول ڈیفنس فورسز نے شمال غزہ میں دو اجتماعی قبریں دریافت کرلیں، بیت لاحیہ میں بھی ایک اجتماعی قبر سے 20 لاشیں برآمد ہوئیں
الشفا ہسپتال سے 10 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، ان میں سے کچھ ہسپتال میں مریض تھے اور ان کے جسموں پر طبی پٹیاں اور کیتھیٹر لگے ہوئے تھے ،حکام
غزہ( ویب نیوز)
اسرائیلی طیاروں کی غزہ میں بمباری میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 63فلسطینی شہید ہوگئے ، اسرائیلی فوج نے جبالیہ میں ایک اور مسجد شہید کردی۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے فح میں مزید 4فلسطینی شہید ہوگئے۔جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی بمباری سے ایک مسجد شہید ہوگئی جس سے قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے، مسجد شہید ہونے کے باعث ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔اس کے علاوہ اسرائیلی فوج کی گاڑیوں نے ایک اسکول کو گھیرے میں لے لیا ہے جہاں سینکڑوں افراد پناہ لیے ہوئے ہیں، شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت اور سول ڈیفنس فورسز نے غزہ کی پٹی کے شمال میں دو اجتماعی قبریں دریافت کرلیں۔حکام کے مطابق غزہ الشفا ہسپتال سے 10 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، رپورٹس کے مطابق لاشوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں حال ہی میں قتل کیا گیا تھا، جن لوگوں کو دفن کیا گیا تھا ان میں سے کچھ ہسپتال میں مریض تھے اور ان کے جسموں پر طبی پٹیاں اور کیتھیٹر لگے ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ حکام نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لاحیہ میں بھی ایک اجتماعی قبر دریافت کی جس میں 20 لاشیں دفنائی گئی تھیں۔ غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 33 ہزار 797 ہو گئی ہے۔ اکتوبر سے اب تک مزید 76 ہزار 465 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ ہلاکتوں کے اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہونے کا خدشہ ہے، غزہ کی پٹی میں مسلسل اسرائیلی حملوں سے منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے میں ہزاروں افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔