صدر مملکت سے ایرانی ہم منصب کی ملاقات، پاکستان اور ایران کا دوطرفہ تعاون مزید وسیع کرنے کے عزم کا اظہار
دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار ،موجودہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے مکالمے اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق
صدر مملکت آصف علی زرداری کا ایرانی صدر کے اعزاز میں عشائیہ
ایرانی صدر کا استقبال میرے لیے اعزاز ہے، صدر مملکت آصف زرداری
اسلام آباد(ویب نیوز)
صدر آصف علی زرداری اور ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی ،ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کا ایوانِ صدر آمد پر استقبال کیا،ملاقات میں دونوں رہنماوں نے پاکستان اور ایران کا مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون مزید بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ دونوں ممالک کا دوطرفہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے دو طرفہ تجارتی میکانزم فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ،ملاقات میں دونوں ممالک نے خطے کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، دونوں رہنماوں نے ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت بالخصوص مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اس موقع پرصدر آصف علی زرداری نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے غزہ کے عوام کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کی انہوں نے کہاکہ پاکستان فلسطینی کاز کی مستقل اور واضح حمایت جاری رکھے گا ، پاکستان اور ایران کے دونوں صدور نے غزہ کے عوام پر اسرائیلی جبر کے خاتمے، انسانی امداد میں اضافے کے لیے بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا،صدر مملکت آصف زرداری نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان – ایران تعلقات کو دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد میں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے عام انتخابات کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے سربراہ مملکت ہونے پر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کا شکریہ ادا کیا، صدر مملکت نے اصولی موقف اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اور ان کے حق خودارادیت کی مسلسل حمایت پر ایران کو سراہا، ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید وسیع اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مفاد میں اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک میں دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالر کی سطح تک بڑھانے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ایران کے صدر نے غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران فلسطینی بھائیوں کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہابعد ازاں ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا ،بعد میں صدر پاکستان کے آفیشل ایکس اکاونٹ پر ایک پوسٹ میںصدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کا ایوان صدر پہنچنے پر استقبال کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے۔صدر پاکستان کے آفیشل ایکس اکاونٹ پر ایک پوسٹ میں کہا گیا، ہم نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور موجودہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے مکالمے اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔۔