مذاکرات صرف فوج سے ہوں گے، پی ٹی آئی کا جلد بات چیت شروع ہونے کا عندیہ
ہم مذاکرات صرف آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے چاہتے ہیں،شہریار آفریدی
فوج سے مذاکرات ہوں گے اور بہت جلد ہوں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو
اسلا م آباد( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے ساتھ ہمارے مذاکرات نہیں ہوسکتے، مذاکرات صرف فوج سے ہوں گے اور جلد ہوں گے۔پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما و ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم مذاکرات صرف آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے چاہتے ہیں۔حکومت پر تنقید کرتے شہریار آفریدی کا کہنا تھاکہ یہ خود محتاج ہیں، ریموٹ کنٹرول سے کنٹرول ہوتے ہیں، فارم 47 کے ذریعے ایوان میں آگئے ہیں، عوام نے انہیں مسترد کردیاہے، یہ مسترد شدہ لوگ ہیں، یہ ہم سے کیا مذاکرات کریں گے؟انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شروع دن سے مذاکرات کی خواہش تھی مگر دوسری طرف سے جواب نہیں آیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے قید میں موجود کارکنوں پر ظلم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آنے والے اخلاقی جرات کرتے ہوئے حکومت سے الگ ہو جائیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا اسی ملک کا صوبہ ہے اور ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ ہم مذاکرات کریں گے، آرمی چیف اور ڈی جی آئی کے ساتھ، ان لوگوں کو اسٹیبلشمنٹ نے سپورٹ کیا ہے، میرا لیڈر کوئی این آر او نہیں چاہتا، پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے مذاکرات چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ میرے لیڈر کی پہلے دن سے خواہش تھی کہ انگیج کریں، میرا لیڈر انگیج کرنا چاہتا ہے لیکن کوئی رسپانس نہیں آتا، رسپانس آتا تو سب کوپتاچلتا، یہ ملک، فوج اور ادارے میرے ہیں، فوج سے مذاکرات ہوں گے اور بہت جلد ہوں گے۔۔