جسٹس شوکت صدیقی کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری

شوکت عزیز صدیقی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹانے کا 11 اکتوبر 2018 کا لا اینڈ جسٹس ڈویژن کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی بھی منظوری

اسلا م آباد( ویب  نیوز)

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دے دی۔صدر مملکت نے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی منظوری سپریم کورٹ کے 22 مارچ 2024 کو جاری کیے گئے فیصلے کی روشنی میں دی۔صدر مملکت نے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی منظوری آئین کے آرٹیکل 195 کے تحت دی جس کے تحت ریٹائرمنٹ کے نوٹیفکیشن کا اطلاق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ کی عمر پوری ہونے کی تاریخ 30 جون 2021 سے ہو گا۔صدر مملکت نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹانے کا 11 اکتوبر 2018 کا لا اینڈ جسٹس ڈویژن کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی بھی منظوری دے دی۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارشات پر آئین کے آرٹیکل 209(6) کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔صدر ِپاکستان نے وزارت قانون و انصاف کی تجاویز کی منظوری وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر دی۔خیال رہے کہ شوکت عزیز صدیق کو 21 جولائی 2018 کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی میں ایک تقریر کے لیے بطور جج نامناسب رویہ اختیار کرنے پر آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارشات پر جوڈیشل آفس سے ہٹا دیا گیا تھا۔بعد ازاں شوکت عزیز صدیقی نے معاملے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا ،عدالت نے 22 مارچ کو سنائے گئے فیصلے میں سابق جج اسلام آباد ہائی کورٹ شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دیا تھا۔۔