- پاکستان اور سعودی عرب میں نجی و سرکاری شعبے میں شراکت داری کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں
- بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں
- دونو ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے کمرشل سرمایہ کاری ایک مضبوط ذریعہ ہے
- ابراہیم بن یو سف المبارک کا پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ویب نیوز)
سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کوسرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں سمجھتا ہے اور پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے، سعودی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نجی و سر کاری شعبے میں شراکت داری کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔ بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں ۔سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں، ہمارا دورہ پاکستان گزشتہ دورے کی کڑی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت سی اقدار مشترک ہیں۔ ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا سعودی حکومت اور کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ترجیح دے رہی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت ایک دوسرے سے منسلک ہو، یہ دورہ دونوں ممالک کی درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کا مواقع فراہم کریگا۔ سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری نے کہا کہ دونوںممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے کمرشل سرمایہ کاری ایک مضبوط ذریعہ ہے ، دونوں ممالک کے درمیان نجی و سرکاری شعبے میں شراکت داری کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔