سی سی پی پی کا پی ٹی سی ایلـٹیلی نار انضمام کو دوسرے مرحلے کے جائزے پر لے جانے کا اعلان
اسلام آباد (ویب نیوز )
کمپٹیشن کمِشن آف پاکستان (سی سی پی) نے مرجر کا فیز 1 جائزہ مکمل کر لیا ہے۔ اس ٹرانزیکشن میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ ،ٹیلی نار پاکستان بی وی سے ٹیلی نار پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور اورین ٹاورز پرائیویٹ لمیٹڈ کی 100% شیئر ہولڈنگ حاصل کرے گی۔
سی سی پی کا فیز1 جائزہ ظاہر کرتا ہے کہ مجوزہ ٹرانزیکشن کمپٹیشن ایکٹ 2010 میں بیان کردہ بالادستی کے مفروضے پر پورا اترتا ہے۔ اس لئے فیز2 کا جائزہ شروع کیا گیا ہے تاکہ ٹیلی ٹیلی کام سروسز میں کمپٹیشن اور ٹیلی کام سیکٹر کے پاکستانی صارفین پر پڑنے والے اثرات کا بخوبی تجزیہ کیا جا سکے۔
سی سی پی نے اس سلسلے میں ریٹیل ایل ڈی آئی فکسڈ لائن ٹیلی کمیونیکیشن مارکیٹ، ریٹیل موبائل ٹیلی کمیونیکیشن مارکیٹ، ہول سیل ڈومیسٹک لیزڈ لائنز، ہول سیل آئی پی بینڈوڈتھ اور انفرادی موبائل/فکسڈ انٹرکنیکٹ کوپاکستانی جغرافیائی حدود میں متعلقہ پراڈکٹ مارکیٹ قرار دیا ہے۔
سی سی پی کافیز2 کا جائزہ ایک نادر لیکن ضروری اقدام ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سی سی پی نے موبی لنک اور وارد کے انضمام کی درخواست میں جامع کمپٹیشن تجزیہ میں بھی یہی موقف اپنایا۔ موبی لنک اور وارد کے انضمام نے بھی سپیکٹرم کے ارتکاز، بنیادی ڈھانچے کے اشتراک، غیر مسابقتی ذمہ داریوں، اور مشترکہ کنٹرول کے شعبوں میں کمپٹیشن خدشات کو ابھارا تھا۔ سی سی پی نے کچھ شرائط عائد کیں کہ ضم شدہ ادارے ٹرانزیکشن کے بعد کاروبار کیسے کریں گے۔ اور پھر صارفین کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے اسے کچھ شرائط کے ساتھ کامیابی کے ساتھ منظور کیا گیا۔