26جولائی کا اسلام آباد دھرنا بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ہے حافظ نعیم الرحمن
ملک بھر کے عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے 26جولائی کے دھرنے میں شرکت یقینی بنائیں
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال
26جولائی اسلام آباد میں دھرنا ہو گا۔ لیاقت بلوچ
دھرنے کی پورے ملک میں زور و شور سے تیاریاں جاری ہیں
ڈاکٹر حماد لودھی، ڈاکٹر خالد قدومی، غلام محمد صفی سے ملاقات میں گفتگو
لاہور( ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کی اکثریت کے مالکان حکومت میں ہیں اور عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں، نظیر نہیں ملتی کہ دنیا میں ایسے ظالمانہ معاہدے ہوئے ہوں جو حکمرانوں نے آئی پی پیز کے ساتھ کیے۔ حکمران اشرافیہ غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی کو ہر طریقہ سے لوٹ کر دولت باہر بھیجتی ہے، گزشتہ تین ماہ میں آئی پی پیز کو 450ارب دیے گئے، متعدد آئی پی پیز کو بجلی نہ بنانے پر 10ارب ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں، آئی پی پیز کے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہیں، معاہدوں کی تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائیں، اندھے معاہدوں کی قیمت عوام چکا رہے ہیں، ہر یونٹ پر 18روپے کیپسٹی چارجز کی مد میں شامل کیے جاتے ہیں۔ 26جولائی کا اسلام آباد دھرنا بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ہے، ناجائز ٹیکسز واپس لیے جائیں۔منصوہ سے جاری بیان اور سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ گنے چنے حکمران خاندانوں نے پورا ملک یرغمال بنا رکھا ہے، غریب کو دو وقت کی روٹی دستیاب نہیں اور یہ ریاستی وسائل پر عیاشیاں کر رہے ہیں، پروٹوکول کے مزے لے رہے ہیں، بجٹ میں تنخواہ دار طبقہ پر 35فیصد مزید ٹیکسز عائد کیے گئے، سول ملٹری بیوروکریسی کو چھوٹ دی گئی، حکومتی اخراجات میں 25فیصد اضافہ ہوا، آئی ایم ایف کو یہ سب ظلم نظر نہیں آتا۔ آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں، ملازمین کو ریلیف دیا جائے، ٹیکسز واپس لے کر چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی ٹیرف میں سلیب سسٹم کا خاتمہ کیا جائے۔ بھارت میں بجلی کے فی یونٹ کی قیمت 8سینٹ، چین میں 4 سینٹ اور پاکستان میں 16سینٹ ہیں۔ بجلی بلوں میں درجن بھر ٹیکسز شامل ہوتے ہیں، گیس بلوں میں سبسڈی ختم کر دی گئی، پٹرول کے ایک لیٹر پر 70روپے کے قریب لیوی ہے، حکمران فری بجلی، پٹرول اور گیس استعمال کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ ہوئی تو صنعت کے ساتھ ساتھ زراعت کا بیڑہ بھی غرق ہو جائے گا، کسانوں کو پانی دستیاب نہیں، زرعی بجلی کے ٹیرف میں اضافہ کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عاشورہ کے پیش نظردھرنے کو موخر کیا تھا، پوری یکسوئی سے 26جولائی کو اسلام آباد میں پہنچیں گے، تیاریاں مکمل ہیں، دھرنے میں شرکت کے لیے کراچی اور ملک کے دور دراز علاقوں سے قافلے ایک دو روز قبل روانہ ہوں گے، تمام قافلے بیک وقت اسلام آباد بیٹھیں گے، جو بھی سیاسی جماعت ہمارے دھرنے میں شرکت کرنا چاہے، کوئی قدغن نہیں، عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، دھرنا پرامن ہو گا، دھرنے کی طوالت کا انحصار حکومتی رویہ پر ہے، عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو نہیں اٹھیں گے۔ انھوں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے دھرنا میں شرکت یقینی بنائیں۔
26جولائی اسلام آباد میں دھرنا ہو گا۔ لیاقت بلوچ
نائب امیر جماعت اسلامی، قائمہ کمیٹی سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ اور متحارب سیاسی قیادت آئین، جمہوریت، انصاف اور جمہوریت سے کھلواڑ کر رہے ہیں جب کہ جماعت اسلامی بجلی، پٹرول بحرانوں کے عذاب سے نجات دلانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ 26جولائی اسلام آباد میں دھرنا ہو گا، جس کی پورے ملک میں زور و شور سے تیاریاں جاری ہیں۔ عوام کو حق دلائیں گے، آئی ایم ایف کے غلاموں، آئی پی پیزکے ظالم سرپرستوں اور عوام دشمن پالیسی سازوں سے ملک و ملت کو نجات دلائیں گے۔ اسٹیبلشمنٹ، جاگیرداروں، سرمایہ دار مفاد پرست قوتوں اور نااہل سیاسی کھلنڈروں کی گہری جڑوں کے خاتمہ کے لیے عوام طویل جدوجہد کے لیے تیار ہو جائیں، خاموشی، لاتعلقی سب کچھ ختم کر دے گی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پورے ملک میں عوام بیدار ہیں، دہشت گردی کے خاتمہ، امن اور اپنے تحفظ کے لیے میدان میں نکل آئے ہیں، کوئی فوجی آپریشن نہیں، عوامی آپریشن دہشت گردوں کا خامتہ کرے گا۔ سیکیورٹی فورسز عوام کے مقابلہ کی بجائے دہشت گردوں کے خلاف عوام کا ساتھ دیں، خیبر وزیرستان، بنوں کے واقعات ہوش میں آنے کے لیے کافی شافی ہیں۔لیاقت بلوچ نے یو کے اسلامک مشن کے صدر ڈاکٹر حماد لودھی، فلسطینی رہنما ڈاکٹر خالد قدومی اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی سے ملاقات میں گفتگو کرتے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے سہ بارہ فلسطین پر اسرائیلی متنبہ، یہودی ناجائز آباد کاری کو غیر قانون قرار دیتے ہوئے فلسطینیوں کے خود مختار ریاست کا حق تسلیم کیا ہے اور یہ اٹل حقیقت ہے کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے، اسرائیل عالمی امن کے لیے ناسور ہے۔ اسرائیلی صہیونی حملے غزہ، مغربی کنارے اور پناہ گزین، امدادی کیمپوں پر موت کے بم گرا رہے ہیں، لیکن اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بڑے مجرمانہ کردار سے رسوا ہو رہی ہیں۔ لیاقت بلوچ نے ڈاکٹر خالد قدومی کو یقین دلایا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بائیڈن اور رشی سونک اسرائیل کی ناجائز مدد کر کے عبرت بن گئے، دہشت گرد نیتن یاہو بھی جلد انجام سے دوچار ہوگا۔ الخدمت فانڈیشن 7اکتوبر کے بعد سے مسلسل فلسطینیوں کی انسانی امداد کے لیے پاکستان عوام کا نمائندہ اور عظیم کردار ادا کر رہی ہے۔لیاقت بلوچ نے غلام محمد صفی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 19جولائی 1947 کو الحاق پاکستان کی قرارداد پر 48عظیم کشمیری رہنماں کا متفقہ فیصلہ تاریخ اور تاریخ ساز ہے، کشمیریوں نے ہندوستان کے ہر ظلم کے مقابلہ میں اپنے اٹل فیصلہ کی عظمت کو بلند رکھا اور بابائے حریت شہید سید علی گیلانی نے ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ دے کر آزادی کشمیر کی تحریک کو دوام عطا کیا، قید و بند، ہندوستانی ظلم و ستم کے باوجود کشمیری قیادت، مرد و خواتین، نوجوانوں، طلبہ و طالبات کی آزادی، حق خودارادیت کے لیے عظیم استقامت کامیاب ہو گی، ہندوستان کا ناجائز قبضہ ختم ہو گا اور کشمیری آزادمرضی سے اپنے مستقبل کا خود ضرور فیصلہ کریں گے۔ اقوام متحدہ اور عالم اسلام کی قیادت کو فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہو گا۔