جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر افغان شہریوں کا دھاوا، پرچم اتار لیا
پاکستانی سفارتی حکام کی جانب سے جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج ،تحقیقات کا مطالبہ
جرمن حکام کی جانب سے پاکستا نی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی
فرینکفرٹ ( ویب نیوز)
جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بولا اور پاکستانی پرچم اتارلیا۔پاکستانی سفارتی حکام نے فرینکفرٹ میں پیش آئے افسوسناک واقعہ پر جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان شہریوں نے فرینکفرٹ میں احتجاج کے دوران پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بولا، پتھرا ئوکیا اور پاکستانی پرچم بھی اتارا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، افغان باشندوں نے پاکستانی پرچم جلانے کی کوشش بھی کی۔پاکستانی حکام نے کہا کہ غیر ملکی سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی کی ذمہ داری جرمن حکومت کی ہے، اس معاملے پر بین الاقوامی برادری میں بھی سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی کے معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔فرینکفرٹ میں جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی۔ جرمن حکام نے سوشل میڈیا پر اس معاملے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔