قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے اسلام آباد کے بلدیاتی قانون میں ترمیم کا بل منظور کر  لیا
 مقامی حکومت کی ہر یونین کونسل کی تعداد 13سے بڑھ کر17 ہو جائے گی
 ایک پولیس چوکی کی دو اضلاع میں حد بندی کا ا نکشاف
سندھ کے  اضلاع ذمہ داری لینے سے انکاری ہیں ۔
 علاقہ منشیات  کا گڑھ بن گیا ہے ڈرگ مافیا اربوں روپے کمانے لگی  
ارکان اسمبلی کے بلاک پاسپورٹ بحال کرنے کی سفارش
شادی کی عمر کا بل اسلامی نظریاتی کونسل کو ارسال

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے اسلام آباد کے بلدیاتی قانون میں ترمیم کا بل منظور کر  لیا ۔ بل کے تحت مقامی حکومت کی ہر یونین کونسل کی تعداد تیرہ سے بڑھ کر سترہ ہو جائے گی ۔ تین جنرل کونسلر اور ایک خاتون کی نشست میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں سندھ کی ایک پولیس چوکی کی دو اضلاع میں حد بندی کا ا نکشاف ہوا ہے دونوں اضلاع ذمہ داری لینے سے انکاری ہیں ۔ ارکان نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے گلشن سکندر آباد کا یہ علاقہ منشیات  کا گڑھ بن گیا ہے ڈرگ مافیا اربوں روپے کما رہی ہے ۔ کراچی کے پوش علاقوں میں اسی علاقے سے منشیات فراہم کی جاتی ہے ۔ قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس چیئرمین راجہ خرم شہزاد نواز کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا ۔ کمیٹی ارکان نے ایک بار پھر اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سیکرٹری داخلہ کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا ۔ آغا رفیع اللہ نے کہا یہ پارلیمنٹ کی توہین ہے بلکہ سارے نظام کی توہین ہے ۔ شرم کی بات ہے بیورو کریسی کو بیرون ملک گھومنے پھرنے سیر سپاٹے کے لیے وقت ہے پارلیمنٹ کے لیے نہیں ۔ جمشید دستی نے کہا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وزارت داخلہ کا کوئی جواب دہ نہ ہو ۔ کیا ہم فارغ بیٹھے ہوئے ہیں ۔ آغا رفیع اللہ نے کہا کہ نہ صرف اس کمیٹی نہیں بلکہ وزیر داخلہ ایوان میں آنے کو بھی اپنی بے عزتی تصور کرتے ہیں ۔ ہمیں اپنی عزت بحال کرنا ہو گی پھر قوم کی خدمت کی بات ہو گی  ۔ ہم اتنے ویلے نہیں ہیں ۔ حنیف عباسی نے ان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس احتجاجاً ملتوی کر دیا جائے ہم بھی انے ویلے نہیں ہیں ۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تحفظات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کا اجلاس ملتوی نہ کیا جائے ۔ عبد القادر پٹیل نے کہا کہ حکومتی بلز ڈراپ کر دئیے جائیں ۔ جب وزیر اور سیکرٹری داخلہ کو سرکاری بل منظور کروانے کی ضرورت ہو تو ہمیں تلاش کرے ۔ ہمیں بھی اتنا شوق نہیں ہے بیٹھنے کا ۔ وزیر اور سیکرٹری کا نہ آنا روایت بن چکا ہے ۔ جمشید دستی نے کہا کہ عوام کے ووٹوں نے چور دروازوں سے آنے والے ایسا ہی کرتے ہیں ۔ وزیر داخلہ پارلیمنٹ اور اب تو کابینہ میں بھی نہیں جاتے ۔ وہ جہاں سے آئے ہیں وہیں رپورٹ کرتے ہیں ۔ کمیٹی نے اتفاق رائے سے احتجاجاً حکومتی بلز موخر کر دئیے ۔ خاتون رکن سحر کامران کے بچوں کی شادی کی عمر سے متعلق بل پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب کر لی گئی ۔ عبد القادر پٹیل ، صاحبزادہ حامد رضا ، دیگر ارکان نے واضح کیا ہے کہ آئین کے مطابق اسلام کے منافی قانون سازی نہیں ہو سکتی ۔ بچے بچی کی شادی کے لیے بلوغت کا اسلام میں تعین کر دیا گیا ہے ۔ بعض ارکان نے رائے دی کہ بلوغت کے ساتھ میڈیکل سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دیا جائے جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پھر تو شادی دھری کہ دھری رہ جائے گی کیونکہ سرکاری ہسپتالوں میں کہاں آسانی سے میڈیکل سرٹیفیکیٹ بنتے ہیں ۔ ڈاکٹر فضل چوہدری نے کہا کہ شادی کے اخراجات بڑھ جائیں گے ۔ وزارت قانون کے  حکام نے بتایا کہ بل کو پیشگی اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیج دیا گیا تاہم گذشتہ پانچ سالوں سے یہ معاملہ اٹھ رہا ہے اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی بلوغت کی رائے دی ہے ۔ اجلاس کے دوران حنیف عباسی نے اسلام آباد کی مقامی حکومت کے ایکٹ میں ترمیم پیش کی ۔ ہر یونین کونسل کے ارکان کی تعداد سترہ ہو جائے گی ۔ مجوزہ ترمیم کے تحت جنرل کونسل کی تعداد بارہ  ، خواتین کے لیے تین نشستیں ہو جائیں گی اسی طرح ایک مزدور ایک یوتھ اور ایک نان مسلم ہو گا  ۔ اجلاس میں پولیس چیک پوسٹ گلشن سکندر آباد کی حدود ضلع ساؤتھ کراچی اور ضلع کیماڑی میں ہونے کا انکشاف ہوا ۔ عبد القادر پٹیل نے کہا کہ کسی ضلع کی پولیس کی جانب سے ذمہ داری نہ لینے پر یہ علاقہ جرائم اور ڈرگ مافیا کا علاقہ بن گیا ہے اور ملی بھگت سے یہ کام ہو رہے ہیں ۔ آغا رفیع اللہ نے کہاکہ ڈرگ مافیا نے کروڑوں روپے مالیت کے اڈے بنا رکھے ہیں منشیات کے لیے بچوں بچیوں کی لائنیں لگی ہوتی ہیں ۔ ہر ماہ اربوں روپے کی کمائی ہو رہی ہے ۔ پولیس مسئلہ کے حل میں ناکام ہو گئی ہے ۔ عبد القادر پٹیل نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے ایک پولیس چوکی کو دو اضلاع میں ڈال دیا جائے ۔ آئی جی کا  کہنا ہے کہ زمینی علاقہ نہیں بلکہ سمندر اور پانی ہیں ۔ میں نے پوچھا کہاں سمندر ہے آئی جی کوئی جواب نہ دے سکا ۔ ڈیفنس کلفٹن تک یہیں سے منشیات جاتی ہے ۔ سی سی پی او سے آئی جی بن گئے مگر مسئلہ حل نہ ہوا ۔ کمیٹی نے ایک ہفتہ میں چوکی کا نقشہ اور واضح حد بندی کی ہدایت کر دی ۔ ارکان کا  کہنا تھا کہ 2020 ء میں مسئلہ اٹھا ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ شرم کی بات ہے پولیس ایک چوکی نہیں بنا سکتی اور اس کے لیے بھی پارلیمنٹ آنا پڑتا ہے آئی جی کے لیے یہی اشارہ کافی ہے ۔ جمشید دستی نے کہا کہ سیاست دان کو گرفتار کرنا ہو تو فوری ہتھ کڑی لگ جاتی ہے ۔ چھتر لگائے جاتے ہیں ۔ بارہ نمبر کمرے میں لے جاتے ہیں مگر ڈیجیٹل میڈیا  پر بلیک میل کرنے والوں کو پولیس کا اسکواڈ ملا ہوتا ہے ۔ شیڈول فور والے کیسے سوشل  میڈیا بلاگر بن گئے ۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم کے حوالے سے قانون کمزور ہے ۔ ارکان کا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کی پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے وزارت داخلہ سخت قانون سازی تجویز کرے ۔ کمیٹی نے صاحبزادہ حامد رضا ، جمشید دستی اور دیگر ارکان کے احتجاج پر وزارت داخلہ کو ارکان پارلیمنٹ کے بلاک پاسپورٹ بحال کرنے کی سفارش کر دی اس حوالے سے امیگرین حکام کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی دے دی گئی جس کا اطلاق انفرادی نہیں بلکہ تمام ارکان کے حوالے سے ہوتا ہے ۔ جمال رئیسانی نے انکشاف کیا کال سنٹروں میں کام کرنے والے بلوچستان کے طلباء کو ایف آئی اے کی جانب سے بلیک میل کیا جا رہا ہے اگر کسی پر الزام ہے تو بتایا جائے ورنہ اس معاملے کی وجہ سے بلوچستان میں تشویش بڑھ رہی ہے ۔ کمیٹی نے جمال رئیسانی اور سیکرٹری داخلہ کے درمیان اس معاملے پر میٹنگ کی ہدایت کر دی ۔ ڈی جی ایف آئی اے بھی موجود ہوں گے ۔
#/S