اسٹیبلشمنٹ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ڈھونگ اب بند کرے، مولانا فضل الرحمن
معدنی وسائل پر قبضہ کے لئے امریکی پیروی میں قبائل میں جنگی کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہو
ہمارے حقوق پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
خطے میں بھارت ،ایران افغانستان ترقی کررہے ہیں پاکستان پیچھے رہ گیا کیوں؟
لکی مروت میں عوامی اسمبلی سے خطاب
لکی مروت ( ویب نیوز)
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ میں پوری سنجیدگی سے اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے کا ڈھونگ اب ختم کردو، تم امریکی پیروی میں پاکستان اور قبائل کے اندر جنگ کی کیفیت اس لیے پیدا کرنا چاہتے ہو تاکہ ہمارے مالی اور معدنی وسائل پر قبضہ کر سکو۔ اس طرح معاملات نہیں چلیں گے کہ صوبہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور ہمارے قبائل بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہوں، ان کے بچے ،خاندان محفوظ نہ ہوں۔ لکی مروت میں عوامی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے تو آپ کا ساتھ دیا، اس خطے اور پاکستان کے لیے امن کی بھیک مانگی تھی اور یہ مشن لے کر الیکشن سے پہلے افغانستان چلا گیا تھا، وہاں کی قیادت سے بات کی اور کامیاب ہو کر واپس آیا لیکن آج اس کامیابی کو ناکامی میں کس نے بدل دیا۔جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ کہ تم نے الیکشن کرائے لیکن ہمیں یہ الیکشن اور اس کے نتائج قبول نہیں ہیں، ہم دھاندلی کی بنیاد پر منتخب لوگوں کو عوام کا نمائندہ تصور نہیں کر سکتے، تم نے عوام ووٹ کے حق سے محروم رکھا لیکن ایسا نہیں چل سکتا۔ میں پوری سنجیدگی کے ساتھ اپنی اسٹیبلشمنٹ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے کا ڈھونگ اب ختم کردو، تم دہشت گردی کی بنیاد پر صرف امریکا کی تقلید کررہے ہو، امریکا دہشت گردی کے خلاف کوئی جنگ نہیں لڑ رہا بلکہ وہ دہشت گردی کا خالق ہے، اس نے پوری دنیا میں جنگ چھیڑی ہوئی ہے تاکہ اپنی فوجیں وہاں بھیجنے کا جواز پیدا کر سکے اور تم امریکا کی پیروی میں پاکستان اور قبائل کے اندر جنگ کی کیفیت اس لیے پیدا کرنا چاہتے ہو تاکہ مالی اور معدنی وسائل تک تمہاری رسائی ممکن ہو سکے اور میرے وسائل پر تم قبضہ کر سکو۔انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اس سرزمین پر پشتون کا کیا حق ہے، میں جانتا ہوں کہ ہمارے مجبور اور محکوم علاقوں پر قبضہ کس کا ہے لیکن ہم اپنے وسائل پر قبضہ نہیں ہونے دیں، یہ حق ہماری نسلوں اور آنے والے بچوں کا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام قوم پرست جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ہمارے حقوق پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ عالمی قوتیں میرے ملک کی مذہبی شناخت کو بھی ختم کرنا چاہتی ہیں، وہ اپنی معاشی جنگ پاکستان کی سرزمین پر لڑنا چاہتی ہیں اور جب میرے صوبے اور بلوچستان سے سی پیک جیسی عالمی تجارتی شاہراہ گزر رہی ہے تو آپ کس عالمی قوت کے اشارے پر چین کی اتنی بڑی سرمایہ کاری کو ضائع کر رہے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے دوستوں کو گنوایا، آج چین ہم پر اعتماد کرنے کے لیے تیار نہیں، سعودی عرب جیسا دوست اور متحدہ عرب امارات ہم پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں، کوئی ہمیں پیسہ دینا نہیں چاہتا تو پاکستان کی اقتصاد کس کے ہاتھ میں ہے، یہ بداعتمادی کیوں پیدا ہوئی، ہم نے دنیا کو اپنے سے کیوں دور رکھا ہے اور عالمی برداری کی تائید و حمایت کیوں حاصل نہیں کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو برا بلا کہیں گے، لیکن یہ نہیں دیکھیں گے کہ بھارت کیوں ترقی کرر رہا ہے اور ہم کیوں پیچھے رہ گئے ہیں، صرف بھارت ہی نہیں بلکہ افغانستان جو 3 سال ہوئے آزاد ہوا، وہاں امارات اسلامیہ کی حکومت ہے، ان کا ڈالر مستحکم ہے لیکن ہمارا پیسہ نیچے کی طرف جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران بھی ترقی کررہا ہے لیکن صرف پاکستان تباہ ہورہا ہے اور آج ہم ملک بچانے نکلے ہیں، پہلے بھی ہم نے پاکستان کو بچانے کے لیے کردار ادا کیا اور آج بھی تیار ہیں لیکن یہ لوگ تو سنجیدہ ہوں، ان کی کرسی پر قبضہ ہے، ان کی اتھارٹی پر قبضہ ہے، ملک ویران ہے، بیرونی سرمایہ کاری آج ملک میں نہیں ہے، یہ لوگ کس کو دھوکے میں رکھ رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یہ لوگ امریکا کو بولتے ہیں کہ مطمئن رہیں، علاقے میں بدامنی ہے چین یہاں سرمایہ کاری نہیں کرے گا لیکن چین کو بول رہے ہیں پیسے اور ڈالر دیں تاکہ ہم آپ کے راستے کی چوکیداری کریں، ایک کو بھی جھوٹ بول رہے ہیں اور دوسرے کو بھی، انہوں نے معیشت بھی تباہ کردی اور میرا مذہب بھی تباہ کررہے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ دینی مدارس نے ایسا کون سے گناہ کیا ہے کہ آپ روزانہ مدارس پر چڑھائی کر دیتے ہیں، مدارس کے طلبہ قرآن اور حدیث پڑھتے ہیں، تم ان کو قتل کی دھمکیاں دیتے ہو، تم نے مدارس کی رجسٹریشن بند کی ہوئی ہے اور کہتے ہو کہ مدارس رجسٹریشن نہیں کرا رہے، جھوٹ کیوں بولتے ہو۔ان کا کہنا تھا کہ آج یہودی صہیونیوں نے ہمارے بیت المقدس پر قبضہ کیا اور اکتوبر سے آج تک 40ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جس میں اکثریت بچوں اور ماں بہنوں کی ہے، 40 ہزار تو وہ ہیں جن کو فلسطینی اپنے ہاتھ سے دفنا چکے ہیں، 10 ہزار سے زائد شہدا آج بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ ہم اپنے غزہ کے بہن بھائیوں کے لیے کچھ نہیں کر سکتے، ان کے شانہ بشانہ نہیں لڑ سکتے لیکن یہاں سے ان کی حمایت میں آواز تو بلند کر سکتے ہیں اور ان کی مالی مدد کر سکتے ہیں، ہماری سیاسی اور اخلاقی حمایت ان کے ساتھ ہے۔