جماعت اسلامی پورے ملک میں یکم ستمبر سے رابطہ عوام مہم کا آغاز کررہی ہے حافظ نعیم الرحمن
کارکنان، چوکوں، چوراہوں، مساجد، مدارس، ہر جگہ عوام کوحقوق کے حصول کے لیے موبلائز کریں
حیدرآباد میں لیڈر شپ کنونشن سے امیر العظیم، ڈاکٹر اسامہ رضی ، ممتاز حسین سہتو محمد حسین محنتی نے بھی خطاب کیا
حیدر آباد(ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سندھ میں بدترین حکومت اور گورننس ہے، پیپلز پارٹی قبضہ گروپ، صوبہ میں سسٹم کے نام پر مذاق ہو رہا ہے، اسی سسٹم کو اب اٹھا کر اسلام آباد میں بٹھا دیا گیا۔ پیپلزپارٹی کبھی پارٹی تھی تو ہوگی، اب تو چند وڈیروں اور خاندانوں کا گروہ ہے جو اسٹیبلشمنٹ کے سب سے زیادہ قریب ہے، وصیت کی پرچی پر بننے والی، کامیاب ہوئے بغیر کراچی کی میئر شپ پر قابض اور فارم 47پر ایم کیو ایم سے دیہی اور شہری علاقوں میں سیٹوں کا بٹوارہ کرنے والی پارٹی کی کیا قانونی و سیاسی حیثیت ہو گی؟ ن لیگ، پی پی کے چندوڈیرے، جاگیردار، کرپٹ سرمایہ دار، بیوروکریسی اور ملٹری ڈکٹیٹر ملک پر مسلط، حالت یہ ہے کہ انہوں نے قوم کے بچوں کو تعلیم تک سے محروم کردیا، وقت آگیا ہے قابض مافیا سے قوم کی جان چھڑائی جائے۔ جماعت اسلامی سندھ سمیت پورے ملک میں یکم ستمبر سے رابطہ عوام مہم کا آغاز کررہی ہے، کارکنان سندھ کے گوٹھوں، دیہاتوں، چوکوں، چوراہوں، مساجد، مدارس، تعلیمی اداروں میں جائیں اور عوام کوحقوق کے حصول کے لیے موبلائز کریں، رابطہ عوام مہم کے دوران پورے ملک میں ممبرشپ ہوگی، نوجوانوں پر خصوصی فوکس کیا جائے، نوجوانوں نے ہی ملک کو مافیا سے آزاد کرانا ہے، ماں بہنوں بیٹیوں کو ممبر بنایا جائے گا۔ جماعت اسلامی بجلی کی قیمتوں اور ٹیکسز میں بے تحاشا اضافہ اور حکمرانوں کی عیاشیوں کے خلاف 28اگست کو ملک گیر ہڑتال کرے گی، عوام سے اپیل ہے ہڑتال کو کامیاب کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حیدرآباد میں لیڈر شپ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر اسامہ رضی خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ممتاز حسین سہتو، امیر سندھ محمد حسین محنتی، صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ اور امیر حیدرآباد امیر عقیل احمد خان بھی موجود تھے۔کنونشن میں صوبائی، ضلعی، تحصیل، مقامات کی قیادت نے شرکت کی۔ امیر جماعت نے کہا کہ دھرنا کے بعد معاہدہ پر عملدرآمد کے لیے مسلسل تحریک جاری ہے، راولپنڈی، لاہور، پشاور، ملتان میں جلسے کیے، بلوچستان کا دورہ کیا، کراچی گیا اور سندھ میں موجود ہوں، حکومت کو ہرحال میں عوام کو ریلیف دینا پڑے گا، اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی عوام کے حقوق کے لیے بات نہیں کررہی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ میں کچے اور پکے کے ڈاکوں کا راج ہے۔ دیہی وشہری علاقوں میں وڈیرہ شاہی نے ظلم و ناانصافیوں کا بازار کرم رکھا ہے۔ بلاول بھٹو دنیا کو دکھانے کے لیے مندروں پر دیے جلاتے ہیں، ہندوبرادری کے تاجر اغوا ہوتے ہیں تو کوئی جواب نہیں آتا، اب سندھ کے قابضین بلوچستان بھی پہنچ گئے ہیں، صوبہ کے حالات پہلے ہی خراب ہیں، لاپتہ افراد کے وارثین رو رہے ہیں، ان کی آہیں اور سسکیاں کوئی نہیں سن رہا، عوام بنیادی حقوق کے لیے ترس رہے ہیں، فکر ہے یہ بلوچستان کو مزید خراب کریں گے، ان حالات میں جماعت اسلامی نے عوام کا مقدمہ بھرپورطریقے سے لڑنے کافیصلہ کیا ہے، کامیاب دھرنا دے کر حکومت کو معاہدہ پر مجبور کیا، اب پورے ملک میں پرامن مزاحمتی تحریک برپا کریں گے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں بجلی کی لاگت کے حساب سے قیمت کم کرکے ظلم و نا انصافیوں کے مارے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ قومی معیشت کو مفاد پرستوں نے تباہ کردیا ہے۔امیر جماعت نے کہا کہ سیاست لوٹ مار کے لیے نہیں بلکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق دیانت و امانت کے ساتھ عوام کی خدمت کرنے کا نام ہے۔ جماعت اسلامی ایک جذبے اور مشن کے طور پر کام کرتی ہے۔جماعت تمام مسلکوں کا احترام اور سب کو جوڑ نے بلکہ حقیقی معنوں میں اتحاد امت کی داعی جماعت ہے۔ یہ دین مغلوب نہیں غالب ہونے کے لیے آیا ہے۔ ظلم کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہاکہ جماعت نے ملک گیر حق دو عوام کو تحریک رابطہ عوام مہم شروع کر رکھی ہے۔پارلیمنٹ کے ایوانوں میں دین کے دروازے بند کر رکھے ہیں۔حکمرانوں نے آئی ایم ایف اور آئی پی پیز کو اپنا مالک بنایا ہوا ہے۔ آئی پی پیز کو چیلنج کرنا ہماری دینی ضرورت ہے۔دفائی بجٹ سے زیادہ بجلی کمپنیوں کا پیٹ بھرا ہیں۔ ہم ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ حق کے غلبے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی صرف جماعت لاسکتی ہے اس لیے کہ ہمارے پاس منظم تنظیم اور مخلص ٹیم موجود ہے۔جماعت اسلامی عوامی مسائل کو اجاگر اور بے زبانوں کو زبان دے رہی ہے،ملک کے عوام جماعت کی طرف دیکھ رہے ہیں اور امیر جماعت حافظ نعیم کی شخصیت ملک کی ممتاز ترین لیڈر شپ کے طور پر سامنے آچکی ہے۔رابطہ عوام مہم میں نوجوانوں کو سب سے زیادہ ہدف بنایا جائے۔