ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست روی سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے ہوئی چیرمین پی ٹی اے
 سب میرین کیبل میں خرابی کو ٹھیک کرنے میں  مزید ایک ہفتہ درکار ہے میجر جنرل ( ر) حفیظ الرحمان

اسلام آباد ( ویب  نیوز) 

چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی  میجر جنرل ( ر) حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ  ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست روی فائروال کی وجہ سے نہیں بلکہ سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے ہوئی، جسے ٹھیک ہونے میں مزید ایک ہفتہ درکار ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں انھوں نے واضح کیا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست روی فائروال کی وجہ سے نہیں بلکہ سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے ہوئی، جسے ٹھیک ہونے میں مزید ایک ہفتہ درکار ہے۔بدھ کو چیئرمین سید امین الحق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز میں مسلسل خلل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش پر غور کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کی سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ سروسز میں خلل آیا۔سب میرین کیبل کنسورشیم نے اطلاع دی ہے کہ ایک کیبل میں فنی خرابی کی وجہ سے پاکستان آنے والے سات میں سے ایک فائبر آپٹک کیبل متاثر ہوئی جس کی مرمت کے لیے 27 اگست تک کا وقت درکار ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس خرابی کی وجہ سے ٹیلی کام سیکٹر کو 300 ملین روپے کا نقصان ہوا ہے۔ میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ وی پی این کے استعمال کی وجہ سے مقامی انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی ہوئی۔ جس پر کمیٹی کے اراکین نے اس وضاحت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور مزید تفصیلات طلب کیں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ سب میرین کیبل میں خرابی صرف پاکستان کے حصے میں آئی ہے۔اراکین نے وی پی این کے استعمال کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے وضاحت کی کہ دنیا بھر میں وی پی این بند نہیں کیے جاتے، تاہم پاکستان میں ان کی رجسٹریشن کروانے کا کہا گیا ہے۔