فوج میں کڑے احتسابی نظام سے کوئی بھی شخص بالا تر نہیں، آرمی چیف کے زیر صدرات کور کمانڈرز کانفرنس
پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت سے انسداد دہشتگردی کے لیے قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی،شرکاء کانفرنس
فورم میں سخت سائبر سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر اسپیس کے تحفظ پر زور،کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
تحریک ِآزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم وتشدد اور نسل کشی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت
پاک فوج دہشت گردوںو انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف کارروائی میں حکومت ودیگر اداروں کو جامع تعاون فراہم جاری رکھے گی،آرمی چیف
راولپنڈی (ویب نیوز)
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں واضح کیا گیا ہے کہ فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لیے لازم ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنی نہیں ہوسکتا۔ فورم میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ،تحریک ِآزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، کانفرنس میں اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم اور نسل کشی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ فوج ایک منظم ادارہ ہے جس کے ہر فرد کی پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔فورم نے کہاکہ پاک فوج غیر متزلزل عزم سے ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے، جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثنی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔کانفرنس نے ملک بھر، خصوصا بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سرگرم ملک دشمن قوتوں، منفی اور تخریبی عناصر اور ان کے پاکستان مخالف اندرونی اور بیرونی سہولت کاروں کی سر گرمیوں، اس کے تدارک کے لیے کیے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیا۔ فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت سے انسداد دہشتگردی کے لیے قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ایک مضبوط اور موثر قانونی نظام کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج دہشت گردوں، انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی۔فورم نے دہشت گرد نیٹ ورکس کی ملی بھگت سے چلنے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، اور سخت سائبر سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر سپیس کے تحفظ پر زور دیا۔فورم نے بھارت کے زیرِ قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تحریک ِآزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس کے علاوہ فورم نے اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم وتشداور نسل کشی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔فورم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد اور پیشہ ورانہ مہارت کے حصول میں اعلی معیار کو برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔شرکا کانفرنس نے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ فورم نے پاکستان کے امن و استحکام کے لیے شہدا افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت کیا