اگلے چیف جسٹس آف پاکستان کا اعلان فوری کیا جائے ، حکومت عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان
قاضی فائز عیسیٰ آئینی ترامیم کے بینیفشری ہیں جو انصاف نہیں ہونے دے رہے،سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن کی تعریف چیف جسٹس کرتا ہے ۔
تھرڈ ایمپائر سب کنٹرول کر رہا ہے وہ ان کی ٹیم کا کپتان ہے،اس وقت یحییٰ خان پارٹ ٹو حکومت ہے ، میڈ یا سے گفتگو
راولپنڈی( ویب نیوز)
بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اس وقت سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے،حکومت ملک کا بیڑا غرق کرنے کے بعد اب سپریم کورٹ کو تباہ کررہی ہے،یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز بھی تابع ہوجائیں۔اڈیالہ جیل میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا، 9 مئی واقعات میں آگ انہوں نے خود لگائی، یہ چاہتے ہیں پی ٹی آئی کسی بھی طرح سے اوپرنہ آئے۔بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کا کام بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہوتا ہے، کل سے جو ہورہا ہے واضح ہے، چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر ایک ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کو پتہ ہے اس پر آرٹیکل 6 لگے گا اسی لیے وہ الیکشن فراڈ کو دبا رہا ہے۔
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اگلے چیف جسٹس آف پاکستان کا اعلان فوری کیا جائے، ہم جسٹس منصور علی شاہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے، قاضی فائز عیسیٰ آئینی ترامیم کے بینیفشری ہیں جو انصاف نہیں ہونے دے رہے۔اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کل سے جو ہو رہا ہے سب کو پتا چل گیا ہے یہ کیا کر رہے ہیں ، ملک کا بیڑا غرق تو انہوں نے کر لیا، اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کر رہے ہیں ۔ ۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہاں سارے فیصلے لکھے ہوئے آتے ہیں، ججز آ کر سنا دیتے ہیں ۔ یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز بھی تابع ہو جائیں ۔ ہائی کورٹ کے ججز پر دبائو ڈالا جا رہا ہے ۔حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے ۔ الیکشن فراڈ کو کور کرنے کے لیے ان کو اپنے ججز چاہئیں ۔سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 8فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا۔ ایک مرتبہ بھی قاضی فائز عیسیٰ نے یہ نہیں کہا کہ ہماری خواتین اور کارکنان جو جیلوں میں ہیں ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ، 9مئی واقعات میں انہوں نے آگ لگائی۔ آئی ایس پی آر جواب دے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کہاں گئیں؟۔ یہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کسی بھی طرح سے اوپر نہ آئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی بھی جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا ۔ چیف جسٹس کا یہ کام ہوتا ہے کہ وہ بنیادی حقوق کا تحفظ کرے ، گرمیوں کا جلسہ بھی کیا کبھی 6 بجے ختم ہوتا ہے؟ ساری قوم کو پتہ ہے کیا ہو رہا ہے ، جو ہو رہا ہے اس سے واضح ہے کہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر ملے ہوئے ہیں ۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر کو پتہ ہے کہ اس پر آرٹیکل 6 لگے گا، اسی لئے الیکشن فراڈ کو دبایا جارہا ہے ۔ چیف جسٹس بھی الیکشن فراڈ کا معاملہ چیف الیکشن کمشنر کے پاس بھجوا دیتا ہے ۔ سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن کی تعریف چیف جسٹس کرتا ہے ۔ تھرڈ ایمپائر سب کنٹرول کر رہا ہے وہ ان کی ٹیم کا کپتان ہے۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ فراڈ سامنے نہ آ جائے اور پی ٹی آئی اوپر نہ آ جائے ۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ڈر سے سپریم کورٹ اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے ، ججز کو دھمکیاں مل رہی ہیں، کیوں قاضی فائز عیسیٰ نہیں سنتا ، وہ اس لئے نہیں سن رہا کیوں کہ قاضی ان کا حصہ ہے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نے جو کہا تھا اس پر چیف جسٹس نے کیا کیا؟۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے ،اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان کیا جائے ۔ جسٹس منصور علی شاہ کو مکمل بیک کرتے ہیں ۔ اس وقت یحییٰ خان پارٹ ٹو حکومت ہے ، مشرقی پاکستان کے لوگ پاکستان کو چھوڑنا نہیں چاہتے تھے وہ لوگ حقوق چاہتے تھے ۔ طاقت کا استعمال کر کے انہیں علیحدگی کی جانب دھکیل دیا گیا ۔ یحییٰ خان نے اپنی طاقت کے لیے جیتی ہوئی جماعت کو اقتدار نہیں دیا۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آئینی عدالت کا مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرنا ہے ۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرکے قاضی فائز عیسیٰ کو آئینی کورٹ میں بٹھانا چاہتے ہیں ۔ قاضی فائز عیسیٰ آئینی ترامیم کے بینفشری ہیں۔ قاضی فائز عیسی انصاف ہونے نہیں دے رہے، انہوں نے ہمارا انتخابی نشان تک لے لیا تھا۔