کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا تاہم نان فائلرزپالیسی مزید سخت کردی ہے، وزیر خزانہ
آئی ایم ایف کے پروگرام سے ملک میں معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی،انٹرویو
اسلا م آباد(ویب نیوز)
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبوں کے ساتھ نئے قومی مالیاتی معاہدے ہو گئے ہیں، ملک میں کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا، تمام صوبوں نے زرعی انکم ٹیکس کے نفاذ پر رضامندی ظاہر کی ہے۔منگل کو ایک ٹی وی انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام سے ملک میں معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی، ہمارا روپیہ مستحکم ہو گیا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر جو ایک ماہ کے لیے رہ گئے تھے وہ اب 2 ماہ کے لیے ہو گئے ، پالیسی ریٹ نیچے آ گیا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ نئے قومی مالیاتی معاہدے ہو گئے ہیں، اس کے لیے سب سے زیادہ تعاون وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کیا، اس کے بعد تمام صوبوں نے زرعی انکم ٹیکس کے نفاذ پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ حکومت نے ملک میں یکساں زرعی انکم ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی معاہدوں کے تحت بعض اخراجات صوبوں کو منتقل ہو جائیں گے، گندم اور گنے کی امدادی قییمتیں مرحلہ وار ختم کی جائیں گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ اور ریٹیل ٹریڈ پر ٹیکس عائد ہوں گے انہوں نے خبر دار کیا ہے کہ حکومت نے ایسی پالیسی بنائی ہے کہ نان فائلرزاب گاڑی اورنہ ہی جائیداد خرید سکیں گے، نان فائلر بینک اکاونٹ بھی نہیں کھلوا سکیں گے۔ہمیں امید ہے کہ ہماری معاشی اصلاحات اور کاشوں کے نتیجے میں کریڈٹ پالیسی ریٹ مزید نیچے آئے گا۔ اس کے علاوہ آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کے اضافی کلائمیٹ فنڈ ملنے کا بھی امکان ہے