احتجاج کی کال، پولیس کے پی ٹی آئی رہنماوں کے گھروں پر چھاپے
عمران خان سے ملاقات کرا دی گئی تو احتجاج ملتوی،پی ٹی آئی کور کمیٹی کا فیصلہ
اسلام آباد( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کا احتجاج ملتوی کرنا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی صحت بارے پریشانی لاحق ہے، بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی حکومت کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طویل مشاورت کے بعد ختم ہو گیا، اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کی۔ دوران اجلاس پارٹی کے بعض اراکین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے باعث احتجاج ملتوی کرنے کی تجویز دی جبکہ شہباز گل اور خالد خورشید سمیت دیگر اراکین نے احتجاج ملتوی کرنے کی مخالفت کی۔ کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ 14 اکتوبر تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی صورت میں احتجاج ملتوی کر دیں گے،ڈاکٹر، وکیل یا کسی بھی پارٹی رہنما کی بانی سے ملاقات کرا دی گئی تو احتجاج ملتوی کر دیا جائے گا،ورنہ 15 اکتوبر کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
پولیس نے مختلف شہروں میں پاکستان تحریک انصاف کی ڈی چوک پر احتجاج کی کال کے معاملے پرپی ٹی آئی رہنماوں کے گھروں پرچھاپے شروع کر دیئے۔ پولیس نے چھاپوں کے دوران 7 کارکنوں کو حراست میں لے لیا جبکہ قیادت روپوش ہو گئی۔ رات گئے پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت کے گھر پر چھاپہ مارا گیا جبکہ سابق ایم پی اے وحید قاسم، عارف عباسی اور راشد حفیظ کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق راولپنڈی میں دفعہ 144 کے تحت احتجاج یا ریلی کی اجازت نہیں ، ایس اسی او کانفرنس کے لئے راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔