آئینی ترمیم ، حکومت اپنی مرضی کا عدالتی نظام لانا چاہتی ہے ، حافظ نعیم الرحمن
شنگھائی کانفرنس کے دوران پُر امن ماحول ضروری ،اس کی آڑ میں آئینی ترمیم لا کر حکومتی مقاصد پورے کرنا کسی صورت قبول نہیں
موجودہ چیف جسٹس کی مدت پوری ہونے اور نئے چیف جسٹس کے آنے کے بعد آئینی ترمیم پر بات چیت کی جائے ،پریس کانفرنس
کراچی( ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے ذریعے حکومت اپنی مرضی کا عدالتی نظام لانا چاہتی ہے،شنگھائی تعاون کانفرنس کے انعقا دکے دوران یقیناً ملک میں پُر امن ماحول ہونا چاہیئے لیکن اس کی آڑ میں اگر آئینی ترمیم لا کر حکومت اپنے مقاصد پورے کرنا چاہتی ہے تو یہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔ ہم آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہیں ، تمام حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کو بھی اب اس پر گفتگو ختم کر دینی چاہیئے ، ہماری اپوزیشن جماعتوں سے درخواست ہے کہ آئینی ترمیم کے اس کورکھ دھندے میں نہ پڑیں ۔ موجودہ چیف جسٹس کی مدت پوری ہونے اور نئے چیف جسٹس کے آنے کے بعد آئینی ترمیم پر بات چیت کی جائے ۔ فوج ، عدلیہ ، پارلیمنٹ اور بیورو کریسی سمیت تمام اداروں کو آئین کی پابندی کرنی چاہیئے ۔ 5آئی پی پیز بند کرنے سے ہونے والا 411ارب روپے کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے اور فی یونٹ تقریباً15روپے کم کیے جائیں ،رہائشی اور صنعتی صارفین کو سستی بجلی دی جائے ، مزید 17آئی پی پیز ایسی ہیں جن سے بات چیت فوری طور پر مکمل کی جائے ، ہماری آرمی چیف سے بھی درخواست ہے کہ وہ آگے آئیں اور اعلان کریں کہ فوج کے دائرے میں آنے والی آئی پی پیز کیپیسٹی پیمنٹ وصول نہیں کریں گے ۔ کراچی کا انفرا اسٹرکچر تبال حال ہے ، سڑکیں ٹوٹی ہوئی اور گٹر بہہ رہے ہیں ، سندھ حکومت بلدیاتی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے پر تیار نہیں ، سندھ میں کرپشن اور کمیشن انتہا پر ہے اور اسے سسٹم کہا جاتا ہے ، اسی سسٹم کے تحت زمینوں پر بھی قبضے کیے جاتے ہیں ۔ سندھ حکومت کراچی کو اس کا جائز اور قانونی حق دے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ادارہ نور حق میں کراچی آمد کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، نائب امیر راجہ عارف سلطان ، ڈپٹی سیکرٹری قاضی صدر الدین، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، پبلک ایڈ کمیٹی کے سکریٹری نجیب ایوبی، نائب صدر عمران شاہد ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے فارم 47والی ایم کیوایم کو بھی زکام ہواہے کہ ان کے بھی مطالبات مانے جائیں ،ان کی حیثیت کیا ہے ،ایم کیو ایم نے کراچی میں ایک پولنگ اسٹیشن بھی نہیں جیتا ،دودو ،تین تین ہزار ووٹ ملے ہیں لیکن جعلی طریقے سے اس کو مسلط کیا گیا ہے ، ایم کیو ایم نے تو ہمیشہ کراچی کی حیثیت کو تباہ وبرباہ کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگی بجلی ، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف جماعت اسلامی کی جدو جہد جاری رہے گی ، ملک میں تقریباً 150آئی پی پیز ہیں ، قومی معیشت کا بڑا انحصار بجلی کی قیمتوں پر ہے ، فی الوقت 5آئی پی پیز سے معاہدوں کی منسوخی قابل ِ تحسین ہے ، جماعت اسلامی کی عوامی جدو جہد میں شریک تمام سیاسی کارکنوں اور تاجروں کو بھی ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے احتجاج اور دھرنے میں شرکت کی اور پُر امن ہڑتال کی حکومت کو مجبور کیا کہ وہ آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں پر نظر ثانی کرے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے گیس کے نرخوں میں فکس چارجز بڑھا دیئے ہیں ، غریب عوام پر طرح طرح کے ٹیکس لگائے جارہے ہیں ، ہمارے مطالبے کے مطابق اگر صرف 4فیصد بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے تو سالانہ آمدنی میںاربوں روپے کااضافہ ہوگا ، حکومت نے کہا کہ ہم دو ماہ میں جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے والے ہیں لیکن حکومت اب یہ کہتی ہے کہ اس کا اطلاق یکم جولائی 2025سے ہوگا ۔ حکمران صرف چھوٹے کاشتکاروں کو دبا کر بیٹھے ہیں ، ہاری کارڈ اور کسان کارڈ جیسے نمائشی اقدامات کیے جارہے ہیں جن سے غریب ہاری اور کسانوں کو فائدہ نہیں ہوگا ، ہمارا آج بھی مطالبہ ہے کہ ملک میں بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے ، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک کے آئین میں درج ہے کہ جو معدنیات جس صوبے سے نکلے گی اس صوبے کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی ، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت آئین کی پابندی کرتے ہوئے جو لوگ جہاں بھی رہتے ہیں اس کے مسائل آئین کے مطابق حل کرے اور ان کو ان کا حق دے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ کراچی میں کے الیکٹرک شہریوں کی خون پسینے کی کمائی نچوڑرہا ہے اور اسے نیپرا و حکومت کی سہولت اور سرپرستی بھی حاصل ہے ، المیہ یہ ہے کہ سال ڈیڑھ ہوگیا ہے اور جو بڑے شیئرز ایک اور کمپنی نے لیے ہیں ،لیکن اس کو اختیارات منتقل نہیں کئے جارہے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہی نہیں ہورہا ، جس کی وجہ سے پورا شہر پریشان ہے ،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی نگرانی میں 70فیصد کرپشن ایک ‘ایک ٹھیکے پر کی جارہی ہے ،پروجیکٹ20 ارب روپے کاہوتا ہے اور 100 ارب تک چلا جاتا ہے ، یونیورسٹی روڈ پرریڈ لائن بس سروس کا 20 فیصد کام بھی ابھی تک نہیں ہوا اور لوگ بے حد پریشان ہیں ، روزانہ منٹوں کا سفر گھنٹوں میںطے ہورہا ہے ،انہوں نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کے مطابق جماعت اسلامی کا میئر ہونا چاہیے تھا لیکن بلدیاتی الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا 8فروری کو جو عام انتخابات ہوئے تھے اس میں بھی عوامی مینڈیٹ کو کچلا گیا، این اے 231میںابھی اس کے چار اسٹیشنز کی ری کائونٹنگ ہوئی ،اس دوران حکومتی پارٹی ووٹوں کے بیگ ہی لے کر بھاگ گئی ، کوئی پوچھنے والا نہیں ، الیکشن کمیشن سے کوئی بات کی جائے تو وہ ادھر ادھر کی باتیں کرنے لگتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ سود اللہ اور اسکے رسول ۖسے جنگ کے مترادف ہے، سپریم کورٹ کے مطابق پانچ سال میں اسکو ختم ہوجانا چاہیے تھا اب دو سے ڈھائی سال ہوگئے ہیں ،حکومت نے کوئی پیش رفت نہیں کی ۔حکومت عدالتی احکامات کے مطابق ملک سے سودی معیشت ختم کرے ۔#