ڈاکٹروںکا بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ،عمران خان کو صحتمند قرار دے دیا، بیرسٹر گوہر خان کی تصدیق
راولپنڈی ( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹروں کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ہو گیا ہے اور وہ صحت مند ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے منگل کو ایک گھنٹہ ورزش بھی کی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بیرسٹر گوہر خان نے کہا تھا کہ 3 اکتوبر کے بعد سے کسی بھی وکیل، خاندان کے رکن یا پارٹی رہنما کو عمران خان کی طبیعت خراب ہونے کے باوجود ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے وزارت داخلہ کو درخواست دی تھی کہ پارٹی رہنما، خاندان کے رکن یا ہیلتھ پروفیشنل کو بانی چیئرمین سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ اپنے بیان میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ منگل کو سرکاری ڈاکٹر طبی ماہرین اور ایک ای این ٹی اسپیشلسٹ کے ساتھ جیل پہنچے تھے۔بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ منگل کی شام 4 بجے 2 ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا جس کے بعد ہمیں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی خیریت سے ہیں اور وہ صحت مند ہیں اور انہوں نے ایک گھنٹہ ورزش بھی کی ہے۔بیرسٹر گوہر خان نے تصدیق کی کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں، ہمیں جلد ہی ان کے طبی معائنے کی روپورٹس مل جائیں گی جوکارکنوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی، پی ٹی آئی کے کارکنوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ ایک روز قبل پی ٹی آئی نے عمران خان کی صحت کے بارے میں یقین دہانی کے بعد اسلام آباد میں مجوزہ احتجاج ختم کردیا تھا اور کہا تھا کہ طبی ماہر آج ان کا معائنہ کرنے کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے۔