یوم سیاہ ،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد میں ریلی
دفترخارجہ سے ڈی چوک تک مارچ کیا گیا ، شرکاء نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کی
جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے غاصبانہ قبضہ کے 77 سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
بھارت کے غیرقانونی اور شرمناک عمل کو ہمیشہ سیاہ دن کے طورپریاد رکھا جائے گا،امیرمقام
ایک دن آئے گا کہ یہ یوم سیاہ یوم فتح میں تبدیل ہوجائے گا،مشعال ملک
ریلی میں چیئرمین کشمیرکمیٹی رانا قاسم نون، ممبر کشمیر کمیٹی سردار محمد یوسف ، انجم عقیل ودیگر نے شرکت کی
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ڈپٹی کنوینئر فاروق رحمانی سمیت دیگرنے بھی ریلی سے خطاب کیا
اسلام آباد ( ویب نیوز)
مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج کے غیر قانونی قبضے کو 77 سال مکمل ہوگئے، کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لئے اسلام آباد میں ریلی نکالی گئی، شرکا نے دفترخارجہ سے ڈی چوک تک مارچ کیا۔ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہر ے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔اسلام آباد میں وزارت امور کشمیر کی جانب سے احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا، ریلی میں کشمیریوں، عام شہریوں، سکولوں کے بچوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ریلی کے شرکا نے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک مارچ کیا، ریلی کے شرکا نے کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ شرکا نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔وفاقی وزیر امور و کشمیر امیر مقام نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اور شرمناک عمل کو ہمیشہ سیاہ دن کے طورپریاد رکھا جائے گا، اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیری عوام بھارت کی دہشت گرد فوج کا مقابلہ کررہے ہیں، ایک دن آئے گا کہ یہ یوم سیاہ یوم فتح میں تبدیل ہوجائے گا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ڈپٹی کنوینئر فاروق رحمانی سمیت دیگرنے بھی ریلی سے خطاب کیا، چیئرمین کشمیرکمیٹی رانا قاسم نون، ممبر کشمیر کمیٹی سردار محمد یوسف اور انجم عقیل بھی شریک ہوئے۔اہل کشمیر کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے وزارت اطلاعات نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر نغمہ جاری کر دیا۔نغمے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہارکیا گیا، نغمے کی عکسبندی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارت کے مظالم کو اجاگر کیا گیا۔
جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے غاصبانہ قبضہ کے 77 سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(صباح نیوز)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے غاصبانہ قبضہ کے 77 سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس اہم موقع پر اپنے پیغامات میں پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کی قیادت کو خطوط لکھے ہیں جن میں غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کو اجاگر کیا گیا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے بین الاقوامی اقدامات پر زور دیا جس میں کشمیری سیاسی قیدیوں اور مخالفین کی رہائی بھی شامل ہے۔ مزید برآں، سیکرٹری خارجہ نے اسلام آباد میں قائم سفارتی مشنوں کو جموں و کشمیر تنازعہ کے کثیر الجہت قانونی، سلامتی اور انسانی حقوق کے پہلوئوں کے بارے میں بریف کیا، جس کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔یکجہتی کے اظہار کے طور پر آج صبح اسلام آباد میں کانسٹی ٹیوشن ایونیو سے ڈی چوک تک یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور پارلیمانی سیکرٹری برائے امور خارجہ ڈاکٹر شجرہ منصب علی خان کھرل نے کی۔ پاکستان بھر میں کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے عوامی ریلیوں، سیمینارز اور تصویری نمائشوں سمیت تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن برادری نے بھی یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی اور دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشنز نے تنازعہ جموں و کشمیر کے بارے میں عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنے کے لئے خصوصی تقریبات کی میزبانی کی ۔
#/S