پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کریں گے، وزیراعظم محمد شہبازشریف
پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنارہے ہیں،سعودی وزیر سرمایہ کاری
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مزید 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اتفاق طے پایا
وزیر اعظم کی سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے ہمراہ ا مشترکہ پریس کانفرنس

ریاض( ویب  نیوز)

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کریں گے، معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ان پر عملدآمد خوش آئند ہے۔سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مزید 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اتفاق طے پایا ، وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے ہمراہ ا مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی ۔ اس موقع پرسعودی عرب کے ِ شاہی دیوان کے مشیر محمد بن التویجری بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ فیوچر انویسٹمنٹ اینیشیٹو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے، جس سے مجھے خطاب کا موقع ملا۔وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ گزشتہ روز انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے، مالی معاملات میں پاکستان سے تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، سعودی عرب سے سمجھوتوں کی سیاہی خشک ہونے سے پہلے ہی عمل شروع ہوچکا، پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی کی منازل طے کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سعودی ولی عہد سے ملاقات میں اس بات کا اعادہ ہوا کہ وہ پاکستان اور پاکستانی عوام کیلیے بہت فکر مند ہیں، وزیراعظم نے کہاکہ آئی ایم ایف پروگرام کے حصول میں انتہائی قیمتی تعاون کرنے پر ولی عہد کا شکریہ اداکیا جس کے بغیر ہم آئی ایم ایف پروگرام حاصل نہیں کرسکتے تھے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ امید ہے کہ یہ ہمارا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہے اور اس کے بعد پاکستان سخت محنت اور برادر ملک سعودی عرب کا ہاتھ تھام کر معاشی ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا، گزشتہ رات ہونے والی ملاقات آج دن کا انتہائی تسلی بخش آغاز ہوا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ ہفتے قبل اسلام آباد میں طے پانے والے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل کچھ منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے کہ وہ آئندہ ماہ کے وسط میں دوبارہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس میں دونوں ملکوں کے لیے انتہائی مفید معاہدوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے 25 لاکھ پاکستانیوں کی شاندار میزبانی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انشااللہ پاکستان سعودی عرب کے لیے مزید ہنر مند تیار کریں گے جو سعودی عرب کے ترقیاتی پروگرام میں اپنا بڑا کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف اور ان کے وفد کی میزبانی اعزاز کی بات ہے، شہبازشریف کی ولی عہد محمد بن سلمان سے مفید ملاقات ہوئی۔سعودی وزیر سرمایہ کاری نے مزید کہاکہ سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے، شہبازشریف نے فیوچرانویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کی، شہبازشریف نے کانفرنس سے خطاب میں حکومت پاکستان کا وژن پیش کیا۔سعودی وزیر نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں بہترین مہمان نوازی پر ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دورہ پاکستان میں 27مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن کے تحت2.2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پراتفاق ہوا،سعودی وزیر کی جانب سے مزید سرمایہ کاری کے اعلان پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مالی معاملات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس سے قبل وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیزالفالح اور مشیرِ شاہی دیوان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں شہباز شریف کی کابینہ اور سعودی سرمایہ کاری وفد بھی موجود تھا۔دریں انثاء وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ۔ اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیرِ اعظم کی خصوصی کاوشوں سے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مزید 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اتفاق طے پایا ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب کے سرمایہ کاری وفد کے اکتوبر 2024 میں دورہ پاکستان میں 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔وزیرِاعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب میں 600 ملین ڈالر کے اضافے سے مجموعی طور پر پاکستان میں حالیہ سعودی سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر ہوگیا ہے جبکہ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہوگئی ہے ۔سعودیہ پاکستان سرمایہ کاری منصوبوں میں سے 5 منصوبوں پر کام شروع ہو کر تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح کیلئے بھی سعودی حکومت سے بات چیت بھی کی گئی،