چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے جوڈیشنل کمیشن کا اہم اجلاس  5نومبر کو طلب کر لیا
 چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن اجلاس کی صدارت کریں گے

اسلام آباد(ویب  نیوز)

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے لیے اراکین پارلیمنٹ کے ناموں کی فہرست سپریم کورٹ ارسال کیے جانے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے جوڈیشنل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس  5نومبر (منگل) کو طلب  کرلیا۔اجلاس سپریم کورٹ بلڈنگ میں دن 2بجے منعقد ہو گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں جوڈیشنل کمیشن کے سیکرٹریٹ کے قیام، سپریم کورٹ میں آئینی بینچزکے لئے ججوں کی نامزدگی اور چیئرمین جوڈیشل کمیشن کی اجازت سے کسی اور مسئلہ پر بات ہوسکے گی۔سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منگل 5 نومبر کو دن2 بجے سپریم کورٹ میں ہوگا اور چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن اجلاس کی صدارت کریں گے۔اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے سیکریٹریٹ کے قیام، آئینی بینچز کے لیے ججوں کی نامزدگی پر غور ہوگا اور آئینی بنچ کے ایک ممبر کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی بھی ہوگی۔چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس امین الدین خان، وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ ،اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر منصورعثمان اعوان، نمائندہ پاکستان بار کونسل اختر حسین اور اراکین پارلیمان پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی)سے سینیٹر فاروق ایچ نائیک، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے سینیٹرسید شبلی فرازاور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سے رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمدشریک ہوں گے جبکہ 26ویں آئینی ترمیم کی روشنی میں حاصل اختیارکواستعمال کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے دوسال کے لئے نامزد کردہ سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ شرکت کریں گی۔سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کی کاپی جوڈیشل کمیشن کے تمام ارکان کوبھجوادی گئی ہے۔ قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی جماعتوں کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کرکے فہرست سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کو بجھوا دی تھی، جوڈیشل کمیشن کے لیے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اورپاکستان مسلم لیگ(ن)کے شیخ آفتاب احمد، سینیٹ سے جوڈیشل کمیشن کے لیے پی پی کے رکن سینیٹر فاروق ایچ نائیک اورپی ٹی آئی کے رکن سینیٹر شبلی فراز کو نامزد کیا گیاتھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اقلیتوں اور خاتون کی نشست پر سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ کو نامزد کیا ہے۔